پی ڈی ایم ماضی کا قصہ بن چکی، اپوزیشن کی باگ ڈور سیاسی نابالغوں کے ہاتھ میں ہے: شبلی فراز
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے مولانا فضل الرحمان نے کورونا اور ویکسین سے متعلق غیر ذمہ دارانہ گفتگو کی، غیر سنجیدہ بیانات دیکر آپ عوام میں کنفیوژن پھیلا رہے ہیں،ویکسین کے باوجود وزیرِاعظم کو کورونا ہوگیا، یہ تاثر درست نہیں،ویکسین لگنے کے 21 دن بعد اثر کرتی ہے،کورونا وبا ایک حقیقت جس سے بچنے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآرمد یقینی بنانا ہوگا،پی ڈی ایم ماضی کا قصہ بن چکی،بدقسمتی سے اپوزیشن کی باگ ڈور سیاسی نابالغوں کے ہاتھ میں ہے،مریم نواز انا اور ضد کی سیاست کرر ہی ہیں جو ان کیلئے تباہ کن ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا وزیراعظم عمران خان اور خاتون اول کورونا سے متاثر ہوئے ہیں، ہم سب ان کی صحت کیلئے دعا گو ہیں۔ کورونا کسی میں تفریق کرتا ہے نہ ہی کوئی رعایت۔ گزشتہ 8ماہ میں کورونا متاثرین کی شرح سب سے زیادہ ہے، خطے کے دیگر ملکوں کی نسبت ملکی معیشت کی کارکردگی بہتر رہی، چاہتے ہیں کورونا کی موجودہ لہر میں لوگوں کا روزگاراور زندگیاں محفوظ رہیں۔ کورونا کی موجودہ لہر میں ویکسین کی دستیابی خوش آئند، انسداد کورونا کیلئے نظم و ضبط کیساتھ حکمت عملی پر عملد رآمد کیا جارہا ہے۔کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین نہایت اہم۔مولانا فضل الرحمان کی کورونا ویکسین کے بارے میں غلط بیانی افسوسناک،عوام کو گمراہ کرنامولانا فضل الرحمان کو زیب نہیں دیتا، سیاسی رہنما اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے لوگوں کی رہنمائی کریں۔ یہ کہنا کہ وزیراعظم کو ویکسین کے بعد کورونا ہوا درست نہیں۔ اپوزیشن کی تحریک اسلئے ناکام ہو ئی کیونکہ اس میں عوام کیلئے کچھ نہیں تھا۔ اپوزیشن واویلے کے باوجود حکومت نے معاشی محاذ پر کامیابیاں حاصل کیں۔ وزیراعظم کی اولین ترجیح مہنگائی پر قابو پاناہے۔ انہوں نے کہاکہ کرپٹ مافیا چاہتا ہے وہ قانون سے بالا تررہے،ملک و قوم کی فلاح کیلئے کوشاں ہیں،ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ بقیہ مدت کے دوران عوامی فلاح اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل حکومت کی ترجیح ہے۔
شبلی فراز