پائیدار معیشت کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے، ریاض احمد
لاہور( سٹی رپورٹر )پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہا ہے کہ غیر ملکی قرضے اتارنے اورپائیدار معیشت کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے،قرض کے حصول کیلئے عالمی ادارے کے فیصلوں پر اپنے زمینی حقائق کے برعکس عملدرآمدکرنے کا اقدام قابل ستائش نہیں ہے اور اس کے آنے والے سالوں میں انتہائی منفی نتائج برآمدہوں گے،نیا قرض لے کرپرانے قرضے اتارنے کی پالیسی کو تبدیل کرنا ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے آرڈیننس کے ذریعے ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے کے اقدام کومنی بجٹ قرار دیا جارہا ہے جس سے افواہیں جنم لے رہی ہیں۔حکومت کوموجودہ ہیجانی کیفیت کو ختم کرنے کے لئے وضاحت پیش کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے اقدامات کیوں نہیں اٹھاتی جس سے اپنے وسائل پیدا ہوں،پاکستان کی ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت زر مبادلہ کمانے اور روزگار کی فراہمی کا بڑا ذریعہ تھی لیکن حکومت کی سرپرستی نہ ہونے سے یہ صنعت سکڑرہی ہے۔حکومت اس صنعت کے ہنر مندوں کوسہولتیں،برآمدات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور اورسنگل کنٹری نمائشوں کا انعقادکرے توہم دوبارہ اس صنعت کو عروج پر لیجا سکتے ہیں۔آج بھی ہماراہمسایہ ملک ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات سے اربوں ڈالرکازرمبادلہ کمارہاہے اورہماری برآمدات بجائے بڑھنے کے کم ہو رہی ہیں،ان گنت مسائل کی وجہ سے ہم عالمی منڈیوں میں مقابلے کی دوڑ سے باہر ہو رہے ہیں جو قابل تشویش امرہے۔