خیبرپختونخوا وقف پراپرٹیز رجسٹریشن قوائد20 ء کے عملدرآمد سے متعلق آگاہی مہم شروع
پشاور(سٹاف رپورٹر)حکومت خیبر پختونخوا نے پختونخوا وقف پراپرٹیز (ترمیمی) ایکٹ 2020 ء اور خیبرپختونخوا وقف پراپرٹیز رجسٹریشن قوائد 2020 ء کے عملدرآمد سے متعلق آگاہی مہم شروع کی ہے۔حکومت خیبر پختونخوا نے نجی وقف املاک کو قومی دھارے میں لانے اور مکمل قانونی تحفظ دینے کے لیے خیبرپختونخوا وقف پراپرٹیز رجسٹریشن قوائد 2020ء متعارف کیے ہیں جس کے تحت نجی وقف املاک کا متولی/منیجر اپنے زیر انتظام وقف جائیداد کی محکمہ اوقاف کے ساتھ رجسٹریشن کرانے کا پابند ہوگا۔مذکورہ بالا قوانین کی روشنی میں ہر متعلقہ شخص کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے زیر انتظام نجی وقف جائیداد کی رجسٹریشن جلد از جلد کروائے اور اس سلسلے میں اپنا قومی،قانونی اور اخلاقی ذمہ داری اور فرضیہ ادا کریں اور خیبرپختونخوا میں وقف املاک کی رجسٹریشن میں محکمہ اوقاف و مذہبی امور خیبر پختونخوا کے ساتھ تعاون کریں۔محکمہ اوقاف کے جاری کردہ ایک اعلامیہ کے مطابق عدم تعاون اور عدم رجسٹریشن کی صورت حکومت نہ صرف نجی وقف املاک کو اپنی تحویل میں لے سکتی ہے بلکہ متعلقہ متولی/ منیجر کے خلاف ضابطہ کے تحت کاروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ اوقاف و مذہبی امور خیبرپختونخوا وقف املاک کا انتظام و انصرام مندرجہ بالا قوانین کے تحت کرتا ہے اور خیبرپختونخوا میں موجود وقف املاک کے حفاظت/ انتظام و انصرام کی ذمہ داری محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے سپرد ہے۔ان وقف املاک سے حاصل ہونے والی آمدنی محکمہ اوقاف خیبر پختونخوا خیراتی،فلاحی،رفاعی اور نیک مقاصد کی انجام دہی کے لیے استعمال میں لائی جاتی ہے۔جن میں محکمہ اوقاف کے زیر انتظام مساجد و مدارس کے انتظام،مذہبی امور سے متعلق امور بشمول سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس،علماء و مشائخ کانفرنس، حفظ و قرائت مقابلوں اور محافل شبینہ کے انعقاد کے علاوہ معاشرے میں رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لئے جدوجہد کرنا شامل ہیں۔اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹر اوقاف و مذہبی امور خیبرپختونخوا، عید گاہ، چارسدہ روڈ پشاور کے ساتھ ای میلauqaf1947@gmail.com:، فون نمبر091-2043428: یا فیکس نمبر091-2043427: پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔