پی ٹی آئی عوام کی نمائندہ جماعت ہے،شفیع اللہ 

  پی ٹی آئی عوام کی نمائندہ جماعت ہے،شفیع اللہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے انٹی کرپشن ملک شفیع اللہ خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے عمل سے بتایا دیا ہے کہ وہ محض اقتدار کیلئے نہیں بلکہ عوام کی نمائندہ پارٹی ہے اور عوام کو سہولیات کی فراہمی اور صوبے و عوام کی ترقی میں کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیمر گرہ پی کے۔15میں جیل تا خونگی روڈ کی بلیک ٹاپنگ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما سعید اللہ خان، سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کے ایس ڈی او نجم الدین خان، علاقائی مشران، ویلج کونسل خونگی کے سینئر کارکنان اور انصاف یوتھ ونگ کے عہدیداران سمیت لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ہم ماضی کے حکمرانوں کی طرح صرف نعروں یا وعدوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ عوامی مفاد کے بلا امتیازعملی کام کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج پی ٹی آئی ملک کی مقبول ترین جماعت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ترقیاتی کام عوام پر کوئی احسان نہیں بلکہ یہ عوام کا ہی پیسہ ہے جو ان کی فلاح پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ملک شفیع اللہ خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے جاری منصوبوں کی معیاری تکمیل پر نظر رکھیں اور کسی بھی غیر معیار کام یا کرپشن کی رپورٹ فوری طور پر انہیں کریں تاکہ اس کا بروقت سد باب کیا جا سکے۔معاون خصوصی نے کہا کہ کرونا کی تیسری لہر جو پہلے کی نسبت زیادہ خطرناک ہے سے اپنے آپ کو اور اپنے عزیز دوست احباب کو محفوظ رکھنے کیلئے حکومتی ایس او پیز پر کاربند رہیں اسی میں ہم سب کی بھلائی ہے۔