اراکین اسمبلی کے استعفوں سے وفاقی حکومت کو فائدہ پہنچے گا،اکرام اللہ دھاریجو

اراکین اسمبلی کے استعفوں سے وفاقی حکومت کو فائدہ پہنچے گا،اکرام اللہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ اپوزیشن اراکین اسمبلی کے استعفوں سے تحریک انصاف کی سلیکٹڈ حکومت کو فائدہ پہنچے گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹ کے اندر اور پارلیمنٹ کے باہر ہر سطح پر سلیکٹڈ حکومت کا مقابلہ کرے گی۔ یہ بات انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کا اپنا موقف اور نظریہ ہوتا ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کے موقف کا احترام کرنا چاہیے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے سختیاں برداشت کی ہیں لیکن ہم نے کبھی بھی ظلم و زیادتی کے سامنے سرنگوں نہیں کیا ہے اور نہ آئندہ کریں گے۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے آئین میں 18 ویں ترمیم کی تھی۔ جس سے تمام صوبوں کو فائدہ پہنچا ہے لیکن وفاقی حکومت اس ترمیم کو اپنے مقاصد کے لئے ختم کرنا چاہتی ہے۔ تاہم پاکستان پیپلز پارٹی ایسا نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے مثبت قانون سازی میں پاکستان پیپلز پارٹی کا نمایاں کردار رہا ہے۔ پی ڈی ایم کی قیادت کو پاکستان پیپلز پارٹی کی رائے پر سنجیدگی سے غور و خوض کرنے کی ضرورت ہے تاہم استعفوں و دیگر معاملات سے متعلق حتمی فیصلہ پاکستان پیپلز پارٹی مرکزی قیادت ہی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور عوام اہک بات پر متفق ہیں کہ سلیکٹیڈ حکمرانوں نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے اور مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے ہر شخص پریشان ہے۔

مزید :

صفحہ اول -