سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے وزیراعظم کی صحت یابی کے لیئے دعائیہ تقریب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان اور خاتون اول بشری بی بی کی کرونا سے صحت یابی اور پوری قوم کی کرونا وائرس سے حفاظت کے لیئے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے ہیڈ آفس میں دعائیہ تقریب کا انعقاد، علامہ مولانا محمد بشیر فاروقی نے خصوصی دعا فرمائی، دعائیہ تقریب میں خصوصی طور پر شریک رہنما پی ٹی آئی حنید لاکھانی نے تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان و خاتون اول بشری بی بی کی صحت یابی کی دعاؤں کے لیئے اٹھائے گئے ہاتھوں نے ثابت کردیا کہ قوم کو عمران خان سے کتنا پیار ہے، سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کا مشکور ہوں جنہوں نے اس دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا صرف آج ہی نہیں بلکہ جب سے کرونا وائرس آیا ہے تب سے سیلانی کے ہیڈ آفس سے پوری قوم کی کرونا وائرس سے حفاظت اور جو اس کا شکار ہوچکے ہیں ان کے لیئے جلد صحت یابی کی دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے، پوری قوم کی آزمائش ہے اور سخت امتحان کی گھڑی ہے سب کوملکر رب کریم سے اپنے گناہوں کی معافی مانگنی چاہیے، کرونا وائرس کی حالیہ لہر میں پھیلاؤ کا تناسب گزشتہ لہر کی نسبت زیادہ ہے ہم سب کو اپنا اپنا احتساب خود کرنا ہوگا اپنے گریبان جھانکتے ہوئے گناہوں کی معافی مانگیں، ملاوٹ، کرپشن، بے ایمانی جیسے ناسور کو معاشرے سے ختم کرنا ہوگا، پوری قوم کو احتیاط کرنا ہوگا تا کہ لاک ڈاؤن جیسی مصیبت اور سخت فیصلے کی جانب جانا ہی نہ پڑے کیونکہ لاک ڈاؤن قوم اور حکومت کے لیئے کسی امتحان سے کم نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں مولانا محمد بشیر فاروقی صاحب اور ان جیسے بے شمار علماء کرام کا جن کی دعاؤں کی وجہ سے ہمارا ملک قائم و دائم ہے، یہ وہ لوگ ہیں جو دن رات اپنی قوم اور ملک کے لیئے دعائیں کرتے رہتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس جتنی تیزی سے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے اس کو دیکھتے ہوئے پوری قوم کو چاہیے کہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کریں کیونکہ ماہرین صحت کے مطابق کرونا وائرس کی یہ تیسری لہر نہایت خطرنا ک اور جان لیوا ہے اور اس کا پھیلاؤ بھی بہت زیادہ اور خطرنا ک ہے۔