عدالت تحمل اور برداشت سے کام لے رہی ہے ،چیف جسٹس پاکستان معزز جج صاحبان سے متعلق آڈیوز، ویڈیوز کی ریلیز پر سخت برہم ہو گئے

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ میں سی سی پی او غلام محمود کے تبادلے کیخلاف اپیل پرسماعت کے دوران چیف جسٹس معزز جج صاحبان سے متعلق آڈیوز، ویڈیوز کی ریلیز پر سخت برہم ہو گئے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے اس کا تحفظ کرتے ہیں ، حکومت الیکشن کمیشن کو کام کرنے دے،چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہاکہ غلام محمود ڈوگر کی جگہ نئے شخص پر اعتراض ہے تو وہ سامنے لائے جاسکتے ہیں، جیسے ہم کمیشن کو تحفظ دیتے ہیں ہمارے ادارے کو بھی تحفظ دیا جائے، روزانہ آڈیوز اور ویڈیوز سامنے آ رہی ہیں، ان آڈیوز اور ویڈیوز کی کیا کریڈیبیلٹی ہے؟ان آڈیوزویڈیوز کی کیاقانونی حیثیت ہے؟عدلیہ پر بے بنیاد قسم کے الزامات لگائے جا رہے ہیں ، عدالت تحمل اور برداشت سے کام لے رہی ہے۔