وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر فرد ملکیت کا حصول مزید آسان بنا دیا،ندیم اشرف
لاہور(کامرس رپورٹر)سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات پر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ،محکمہ مال کی جانب سے فردات ملکیت کے حصول کو اور بھی آسان بنا دیا گیا ہے پہلے مالکان اراضی کو رجسٹر حقداران زمین کی فرد ملکیت کے حصول کے لئے ہزاروں روپے ادا کرنے پڑتے تھے اب اس فیس کو میزان کھیوٹ کے لئے 150/- روپے تک محدود کر دیا گیا ہے اس سلسلے میں بذریعہ نوٹیفیکیشن نمبر 786-2014/270-LR-II ،13 مئی پنجاب بھر میں ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسرز اور اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ اب تک 114 تحصیلوں میں اراضی ریکارڈ سنٹرز کے ذریعے مالکان وحقداران اراضی کو فرد ملکیت کے اجراء اور انتقال اراضی کی کمپیوٹرائزڈ سہولیات مہیا کی جارہی ہیں خدمات کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے کے لئے ایک طرف تو محکمہ کی جانب سے سنٹر کے عملہ اور کارکردگی کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے اور دوسری طرف وزیراعلی پنجاب کی جانب سے سنٹر سے خدمات حاصل کرنے والے تمام افراد سے ان کی رائے حاصل کی جاتی ہے۔ ترجمان کے مطابق کمپیوٹرائزڈ سروسز سے مستفید ہونے والے شہریوں میں سے 99 فیصد سے زائد افراد نے نا صرف ان خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے بلکہ عوامی خدمت کے اس منصوبہ پر خوشی اور تشکر کا اظہار کیا۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف نے کہا ہے کہ عوام کی سہولت کے پیش نظر وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اراضی ریکارڈ کے حصول اور انتقال اراضی کے سلسلے میں عوام کو درپیش مسائل کے سد باب کے لئے کمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈ کے منصوبے کو نہایت تیز رفتاری سے مکمل کرنے میں کوشاں ہیں۔