سعودی عرب اور یو اے ای کا چیلنجوں سے مل کر نمٹنے سے اتفاق

سعودی عرب اور یو اے ای کا چیلنجوں سے مل کر نمٹنے سے اتفاق

ریاض(ثناءنیوز) خلیج کے دو اہم ملکوں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے ایک مشترکہ کمیٹی کی تشکیل پر اتفاق کیا ہے جو دونوں ملکوں کو درپیش تزویراتی اور سیکیورٹی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل مرتب کرے گی۔عرب ٹی وی کے مطابق کمیٹی کی تشکیل کا اعلان سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل کے دورہ ابو ظہبی کے موقع پر کیا گیا۔ شہزاد الفیصل کو وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نائف اور وزیر مملکت ڈاکٹر مساعد بن محمد بن العبیان کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت پہنچے تھے جہاں ان کا استقبال اماراتی ولی عہد اور مسلح افواج کے ڈپٹی چیف الشیخ محمد بن زاید آل النھیان نے کیا۔سعودی وزیر خارجہ نے خادم الحرمین الشریفین کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے فرمانروا الشیخ خلیفہ بن زاید آل النھیان کو ان کی صحت یابی پر تہنیتی پیغام بھی پہنچایا۔سعودی اور اماراتی وفود کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کی سربراہی میں مشترکہ کمیٹی کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا۔ یہ کمیٹی دونوں ملکوں کے تزویراتی اور امن وامان کے چیلنجوں کو سامنے رکھتے ہوئے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرے گی۔

مزید : عالمی منظر