ایشز سیریز، انگلش ٹیم آسٹریلیا کیخلاف خطر ناک ہوگی، شین وارن
سڈنی ( نیٹ نیوز) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنر شین وارن نے کہاہے کہ اگلے برس کھیلی جانے والی ایشز سیریز میں انگلینڈ کی ٹیم اپنی سرزمین پر آسٹریلوی ٹیم کے لئے خطر ناک ثابت ہوسکتی ہے، آسٹریلیا کو کامیابی کے لئے سخت محنت کرناہوگی۔ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انگلینڈ کی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر ایک مضبوط ٹیم ہے اور اس بات کا ثبوت انگلینڈ کی سرزمین پر گزشتہ سال کھیلی جانے والی ایشز سیزیز میں آسٹریلوی ٹیم کی شکست ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر آسٹریلوی ٹیم نے اپنی خامیوں پر قابو نہ پایا تو اسے انگلینڈ کے ہاتھوں ایک مرتبہ پھر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس سیریز میں کامیابی کے لئے آسٹریلوی کھلاڑیوں کو دباؤ برداشت کرنا ہوگا ۔ اگر کھلاڑی ایسا کرنے میں کامیاب ہوگئے آسٹریلوی ٹیم انگلینڈ کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دینے میں کامیاب ہوسکتی ہے ۔ خیال رہے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان 5 ٹیسٹ،ایک ٹوئنٹی 20 اور 5 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز آئندہ سال جولائی میں شروع ہوگی۔ اس سیریز میں آسٹریلوی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ اس سے قبل آسٹریلوی سرزمین پر ایشز سیریز کھیلی گئی تھی جس میں آسٹریلوی ٹیم نے کامیابی اپنے نام کی تھی۔
جبکہ اس سے پہلے انگلینڈ نے ایشز سیریز کی میزبانی کی تھی جس میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔