وافر خوراک کیلئے زراعت اور بائیوٹیکنالوجی کے شعبوں پر توجہ دینا ہوگی، مجاہدکامران

وافر خوراک کیلئے زراعت اور بائیوٹیکنالوجی کے شعبوں پر توجہ دینا ہوگی، ...

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا ہے کہ دنیا کی بڑھتی ہوئی آبادی کی خوراک کی ضروریات پوری کرنے کے لئے اور سستے داموں اور معیاری کھانے کی اشیاءفراہم کرنے کے لئے زراعت اور بائیوٹیکنالوجی کے شعبوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز کے زیر اہتمام ” Stress Biology & Biotechnology: Challenges and Management “ کے موضوع پر انسٹی ٹیوٹ آف بائیو کیمسٹری اینڈ بائیو ٹیکنالوجی کے آڈیٹوریم میں منعقدہ تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر چیئرمین پاکستان سائنس فاﺅنڈیشن ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوتو، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر سلیم حیدر، یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے پروفیسر ڈاکٹر منیر ابو حیدر، ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک ، فیکلٹی ممبران اور طلباءو طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوتو نے پنجاب یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز میں تحقیقی سرگرمیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سائنس فاﺅنڈیشن زرعی شعبے میں تحقیق کے لئے اپنا کردار اد کر رہی ہے ۔ ڈاکٹر منیر ابو حیدر نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ پاکستان میں زرعی شعبے کو درپیش مشکلات کا سامنا کرنے کے لئے تحقیق کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا کہ پاکستان میں زراعت کے شعبے کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جن میں ماحولیاتی تبدیلیاں ، بہتر ایگری مارکیٹنگ سسٹم کی کمزوری، کسانوں کی زبوں حالی، زرعی بیماریاں ، ناقص ادویات ، بجلی وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد ان چیلنجز پر بحث کرنا اور مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4