محکمانہ ہدایات کی پرواہ نہ کرنےوالے اساتذہ کےخلاف کارروائی کی جائے، پرویز احمد

محکمانہ ہدایات کی پرواہ نہ کرنےوالے اساتذہ کےخلاف کارروائی کی جائے، پرویز ...

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب کے مختلف اضلاع میں قائم سات ہزار کے قریب خواندگی سکولوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے محکمانہ افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی معائنہ ٹیم نے سیکرٹری خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم ڈاکٹرپرویز احمد خان کو اپنی انسپکشن رپورٹس پیش کر دیں ہیں تاہم سیکرٹری خواندگی نے معائنہ افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اُنہیں ہدایت کی ہے کہ ڈیوٹی سے غیر حاضر اور محکمانہ ہدایات کی پرواہ نہ کرنے والے اساتذہ کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی پراجیکٹ سے مطلوبہ نتائج کا حصول کڑی مانیٹرنگ اور متعلقہ افراد کے ذمہ دارانہ اور دیانتدارانہ انداز میں کام کرنے کی بدولت ہی ممکن ہو سکتا ہے اُنہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر(آپریشن) عنایت وڑائچ کو ہدایت کی کہ وہ بلا تاخیر اساتذہ کیلئے دس نکات پر مشتمل ہدایت نامہ تمام سکولوں میں آویزاں کرائیں تاکہ معائنہ افسر کو اس کی روشنی میں اپنی وزٹ رپورٹ مرتب کرنے میں آسانی ہو۔ سیکرٹری خواندگی نے واضح کیا کہ ذمہ دار تدریسی سٹاف معیارِ تعلیم کے فروغ کیلئے ناگزیر ہوتا ہے سیکرٹری خواندگی نے کہا کہ صوبہ بھر کے غیر رسمی بنیادی تعلیم کے اداروں میں طلباءدوست تعلیمی ماحول کواُجاگر کرنے کیلئے ممکنہ اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔

 واضح رہے کہ سیکرٹری خواندگی نے ہیڈ کواٹرز کے ذمہ دار افسران کو ہفتہ کے روز اُنہیں تفویض کیے گئے اضلاع کے لٹریسی سنٹروں کے معائنوں کیلئے پابند کیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4