جمع بندیوں کی بر وقت تکمیل کی آڑ میں رشوت وصولی کا انکشاف

جمع بندیوں کی بر وقت تکمیل کی آڑ میں رشوت وصولی کا انکشاف

لاہور(اپنے نمائندے سے)صوبائی دارالحکومت کے محکمہ ریونیو میں جمع بندیوں کی بروقت تکمیل،تاخیر اور کلیرنس کی آڑ میں لاکھوں روپے ریونیو سٹاف سے رشوت وصولی کا انکشاف ہوا ہے ضلع کچہری کی ایک اہم سیٹ پر تعینات مخصوص لابی نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر لاہور کے نام کا آزادانہ استعمال کرتے ہوئے ناصرف اپنے مفادات کو پورا کر رہی ہے بلکہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر لاہور کے اختیارات بھی از خود استعمال کرتے ہوئے بلیک میلنگ اور اختیارات کا کھلم کھلا ناجائز استعمال شروع کر رکھا ہے جس پر ریونیو سٹاف کی اکثریت سراپا احتجاج بن چکی ہے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر لاہور اور ڈی سی اور لاہور سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے روزنامہ پاکستان کو ملنے والی معلومات کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ ضلع کچہری کی اہم پوسٹوں پر تعینات مخصوص لابی اندھا دھند بنیادوں پر پیسے کمانے کے لیے متحرک ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں جمع بندیوں کی تکمیل،تاخیر اور کلےئرنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی آڑ میں پٹواریوں سے لاکھوں روپے کی رشوت وصولی کی جا رہی ہے اور اس ضمن میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر لاہور کا نام بھی آزادانہ استعمال کیا جا رہا ہے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بعض پٹواریوں کا کہنا ہے کہ ضلع کچہری میں بیٹھی مخصوص لابی ہمیں اعلیٰ افسران کے نام پر نا صرف بلیک میل کر رہی ہے بلکہ آئے روز کوئی نہ کوئی ایشو ڈال کر ہم سے پیسے بھی وصول کئے جا رہے ہیں تاہم اپنی نوکری کھو جانے کے خوف سے اور اس مخصوص لابی کی ناراضگی کے ڈر سے اپنی زبانوں کو تالا لگایا ہوا ہے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر لاہور عرفان میمن اربن موضع جات میں تعینات تمام پٹواریوں سے باوضو ہو کر حلف لیں کہ تمام حقیقت عیاں ہو جائے گی اور انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر لاہور انتہائی شریف اور ایماندار ہیں ان کا نام غلط طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے

مزید : میٹروپولیٹن 4