فیروز والہ ڈاکوؤں نے مزاحمت پر نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کردیا
فیروزوالہ(نمائندہ پاکستان) لاہور روڑ کوٹ عبدالمالک کے قریب ویگن ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے گولی مار کر نوجوان حافظ شوکت علی کو ہلاک کردیا،ڈاکو لوٹ مار کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ مسافر ٹیوٹا ویگن شیخوپورہ سے لاہور آرہی تھی جب یہ ویگن اقبال ٹاؤن (کوٹ عبدالمالک) موٹر وے پل کے قریب پہنچی تو راستے میں سوار ہونے والے تین ڈاکوؤں نے اسلحہ تان کر ڈرائیور کو سٹیرنگ سے اٹھا کر گاڑی پر کنٹرول کرلیا۔ ویگن کو ویران جگہ پر لے جاکر مسافروں سے گن پوائنٹ پر نقدی موبائل فون اور دیگر سامان چھین لیا۔ ویگن سوار نوجوان حافظ شوکت علی نے ڈاکوؤں کے ساتھ مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے اسے گولی مار دی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اسے طبی امداد کے لیے ہسپتال لایا گیا جہاں پر وہ دم توڑ گیا۔ فیکٹری ایریا پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کروانے کے بعدورثاء کے حوالے کردی، مقتول راولپنڈی کا رہنے والا تھا۔