نیب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس

نیب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہو ر ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے بغیر ملزم کو گرفتار کرنے پر نیب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔لاہو رہائیکورٹ کے جسٹس محمود مقبول باجوہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار محمد حنیف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس کے مدعی پرکرپشن کے تحت نیب میں مقدمہ درج کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم حنیف کی ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت کے لئے رجوع کیا جس کی ابتدائی سماعت کے بعد جونہی کمرہ عدالت سے باہر نکلے تو نیب کے تفتیشی افیسر شاہد نے عدالتی احکامات نہ ہونے کے باوجود ملزم کو گرفتار کر لیا جو کہ واضح طور پر توہین عدالت ہے۔عدالت نے نیب افسر کے اقدام پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ضمانت کی درخواست زیر سماعت ہونے کے باوجود ایسا عمل ناقابل برداشت ہے۔ عدالت نے نیب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہد کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت بائیس مئی تک ملتوی کر دی۔

مزید : علاقائی