کاشتکاروں تک جدید ٹیکنالوجی پہنچانے کیلئے میڈیاکااستعمال ناگزیرہے: رفیق اختر

کاشتکاروں تک جدید ٹیکنالوجی پہنچانے کیلئے میڈیاکااستعمال ناگزیرہے: رفیق ...

لاہور(کامرس رپورٹر)کاشتکاروں تک زرعی ٹیکنالوجی پہنچانے کے لئے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کا موثر استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔یہ بات محمد رفیق اختر ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نے "انفارمیشن سائنس اینڈ ایگریکلچرل جرنلزم "کے موضوع پر منعقدہ 20ویں ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس ورکشاپ کا انعقاد نظامت زرعی اطلاعات پنجاب کی طرف سے ہر سال باقاعدگی سے کیا جاتا ہے ۔ ورکشاپ میں محکمہ زراعت پنجاب کے مختلف شعبہ جات اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ محمد رفیق اختر نے اپنے خطاب میں ورکشاپ کے مقاصدبیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایگریکلچرل جرنلزم پراپنی نوعیت کی بہترین ورکشاپ ہے جو محکمہ زراعت پنجاب و دیگر صوبوںکے افسران کی استعداد کار میں اضافہ میںنہایت اہم کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے زراعت میں جدت لاتے ہوئے زرعی سفارشات، پیغامات اور جدید طریقہ کاشت کو کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تربیتی ورکشاپس زراعت سے منسلک سائنسدانوں اور پیشہ ور افراد کی تربیت اور علوم کے تبادلے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ان سے شرکاءکی فنی صلاحیتوں میں اضافہ کے ساتھ اداروں کی استعداد مضبوط ہوتی ہے۔اس دس روزہ ورکشاپ میں میڈیا کے ماہرین نے شرکاءکو کمیونیکیشن، آڈیو ویڈیو پروڈکشن ، پرنٹ میڈیا، ایڈیٹنگ، فیچر و سائنٹیفک رائٹنگ کے موضوعات پر لیکچرز دئیے ۔

تقریب کے اختتام پر شرکاءمیں اسناد تقسیم کی گئیں۔

مزید : کامرس