موجودہ جنگی حالات میں پاک فضائیہ کی اہمیت بڑھ گئی،ہر جارحیت سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں ،آرمی چیف

موجودہ جنگی حالات میں پاک فضائیہ کی اہمیت بڑھ گئی،ہر جارحیت سے نمٹنے کیلئے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سرگودھا/اسلام آباد(اے این این)چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج دفاع وطن کے لئے ہمہ وقت فضائیہ کے ساتھ کھڑی ہے،مسلح افواج مشکل وقت میں ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ہیں،ہم ہر قسم کے چیلنج اور جارحیت سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔ان خیالات کا اظہا ر انھوں نے سرگودھا کے مصحف علی میر ایئر بیس پر اردن سے خریدے گئے13ایف 16جدید لڑاکا طیارے پاک فضائیہ کے انیسویں سکواڈرن میں شامل کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔آرمی چیف نے ایف 16 طیارے پاک فضائیہ کے حوالے کئے۔تقریب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل طاہررفیق بٹ نے بھی موجود تھے۔جنرل راحیل شریف نے کہا کہ صرف ایک فون کال پر فضائیہ کی مدد کے لیے ہمیشہ تیارہیں،ضرورت پڑ ی توبری فوج پاک فضائیہ کے شانہ بشانہ ہوگی۔ انہوں نے ایف سولہ طیاروں کی شمولیت پر پاک فضائیہ کو مبارکباد دی۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ طیاروں کی فراہمی پراردن کی فضائیہ کے شکر گذارہیں، اردن ہمارا عظیم دوست ہے اور دونوں ملکوں کی دوستی آزمودہ اور تاریخٰی ہے،طیاروں کی فراہمی سے باہمی تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاک آرمی اورپاک فضائیہ ملکی تحفظ اورترقی میں کے لیے پرعزم ہیں۔آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف فضائیہ کی کارروائیوں کو سراہا اور کہا کہ موجودہ جنگی حالات میں پاک فضائیہ کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے ۔انہوں نے دفاع وطن میں اپنے بھائی میجر شبیر شریف شہید کی شہادت اور اپنے خاندان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے فوجی جوانوں اور شہداء پر فخر ہے،پاک فوج اور فضائیہ ہمیشہ مشکل وقت میں عوام کی توقعات پر پوری اتری ہیں۔ ملکی دفاع میں فضائیہ کا کردار انتہائی اہم ہے ۔جدید ہتھیاروں کی شمولیت اور معیاری تربیت نے چیلنجنگ حالات میں پاک فوج کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ کیاہے ، پاک فوج اور فضائیہ ایک ساتھ مل کر ملکی استحکام کیلئے کوشاں ہیں تاکہ نہ صرف میدان جنگ میں بلکہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھی مؤثر کارکردگی دکھا سکیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ طاہر رفیق بٹ نے کہا کہ ایف سولہ طیاروں کی شمولیت سے اندرونی اور بیرونی چیلنجزسے موثر طور پر نمٹنے میں مدد ملے گی۔پاک فضائیہ قوم کو درپیش چیلنجزسے نمٹنے کے لیے تیارہے، مشکلات کے باوجود بیرونی جارحیت کا مقابلہ کریں گے۔طاہررفیق بٹ نے کہاکہ ہم ہر قیمت پر ملکی سرحدوں کی حفاظت یقینی بنائینگے کیونکہ پاک فضائیہ ڈیفنس لائن میں سب سے آگے ہے اس لیے ہمیں مسلسل اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ فضائی دفاع کو یقینی بنایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے طیاروں کے حصول میں ذاتی دلچسپی لی۔16 طیارے اردن سے نہایت مناسب قیمت پر خریدے گئے ہیں۔ ان طیاروں کی خریداری کے لیے دونوں ملکوں کی متعلقہ وزارتوں کے درمیان بات چیت ہوئی۔ قبل ازیں مصححف ایئر بیس پہنچنے پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ اور اعلیٰ حکام نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔اس موقع پر پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے آرمی چیف کو گارڈ آف آنر اور سلامی پیش کی۔ سکوارڈن میں شامل ہونے والے ایف 16 طیاروں نے اس موقع پر فضائی مارچ پاسٹ کیا اور کرتب دکھائے۔ آرمی چیف نے سکواڈرن فلیگ نئے کمانڈر کے حوالے کیا۔واضح رہے کہ پاکستان نے اردن سے 13 ایف 16 طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا، ان طیاروں کی شمولیت کے بعد پاک فضائیہ کے سکوارڈن میں ایف 16 طیاروں کی تعداد 76 ہو گئی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -