وزیرستان، فضائیہ بمباری ،فوج کیساتھ جھڑپ ،71دہشتگرد ہلاک

وزیرستان، فضائیہ بمباری ،فوج کیساتھ جھڑپ ،71دہشتگرد ہلاک

                                                    پشاور )خصوصی رپورٹ( پاک فوج نے فضا ئیہ کی مدد سے شمالی اور جنوبی وزیر ستان میں دہشتگردوں کیخلاف بھرپور کارروائی کی ہے جس میں اکہتر جنگجو مار ے گئے،ان میں اہم کمانڈر ا ور غیر ملکی شامل ہیں جبکہ تیس سے زائد دہشتگرد زخمی بھی ہوئے۔ پاک فضائیہ نے بمباری کر کے جنگجوﺅں کے کئی ٹھکانے تباہ کر دیئے جبکہ بر ی فوج کے دستوں نے بھی کارروائی کی۔ اس موقع پر جھڑپ میں ایک افسر اور تین اہلکار شہید ہوگئے۔شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی اور بویا میںپاک فضائیہ کی بمباری سے غیرملکیوں اور اہم کمانڈروں سمیت 60 سے زائد دہشتگرد ہلاک اور80 زخمی ہوگئے، کار روائی میں شدت پسندو ں کے کئی ٹھکا نے تبا ہ کر کے شمالی وزیرستان کے تمام علاقوں میں غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ کر دیا گیا اور اس کی خلا ف ورزی کرنے والو ں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دیدیا گیا جبکہ میران شاہ اور میر علی میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پرگن شپ ہیلی کاپٹروں سے گولہ باری بھی کی گئی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی گذشتہ شب تقریباً 2 بج کر 45 منٹ پر کی گئی۔ میر علی میں حسو خیل، ایسوڑی، حرمز اور موسکی جبکہ تحصیل بویا کے علاقوں دیگان اور لانڈمحمدخیل میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر طیاروں سے بمباری کی گئی، کارروائی میں غیر ملکیوں سمیت درجنوں شدت پسند مارے گئے اور کئی ٹھکانے تباہ ہوئے۔ علی الصبح میران شاہ اور میر علی کے مختلف علاقوں پر گن شپ ہیلی کاپٹروں سے گولہ باری بھی کی گئی تاہم اس میں اب تک کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ذرائع کے مطابق طیاروں کے حملے میں ہلاک ہونے والے دہشتگرد حالیہ حملوں میں ملوث تھے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں پشاور میں آئی ڈی پیز کے کیمپ پر حملوں، مہمند اور باجوڑ ایجنسی میں شہریوں اور شدت پسندوں کے حملوں اور شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے حملوں میں ملوث دہشتگردوں سمیت 60 سے زائد شدت پسند ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو ئے۔ دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ان کے پاس مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ پشاور میں متاثرین کے کیمپ، مہمند ایجنسی، باجوڑ ایجنسی اور میران شاہ کے قریب سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث افراد ان علاقوں میں روپوش ہیں جہاں تازہ کارروائی کی گئی ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق نیم شب کے وقت بڑی تعداد میں بمبارطیارے اور گن شپ ہیلی کاپٹرز شمالی اور جنوبی وزیرستان کے علاقوں میں داخل ہوئے اور پھر بعض ٹھکانوں سے دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان کے تمام علاقوں میں غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے جب کہ خلاف وزری کرنے والوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم ہے،شمالی وزیرستان ایجنسی میں اب تک کی یہ بڑی فوجی کارروائی سمجھی جا رہی ہے۔ دو ماہ پہلے بھی میر علی اور میرانشاہ کے قریب علاقوں بمباری کی گئی تھی جس میں ہلاکتوں کے بارے میں متضاد اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

مزید : صفحہ اول