کراچی رینجرز ہیڈ کوارٹر کے قریب دھماکہ،متعدد زخمی مقابلوں میں گینگ وار کے 2ارکان سمیت 4ہلاک

کراچی رینجرز ہیڈ کوارٹر کے قریب دھماکہ،متعدد زخمی مقابلوں میں گینگ وار کے ...

                                    کراچی(این این آئی)صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں رینجرز ہیڈ کوارٹر کے قریب دھماکے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک بی میں واقع رینجرز ہیڈکوارٹر کے قریب ایک بیکری کے باہر دھماکے میں 8 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا،جہاں انھیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ دھماکے سے قریبی دکانوں، عمارتوں اور وہاں کھڑی موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا واقعہ کے فوری بعد رینجرز اور پولیس اہل کاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 5 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال ہوا۔ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا ادھر شہر میں 2 مختلف پولیس مقابلوں میں لیاری گینگ وار کے دو کارندوں سمیت 4 ملزمان ہلاک ہوگئے۔ایس ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل ناصر افتاب کے مطابق گارڈن میں لیاری ایکسپریس وے کے قریب پولیس نے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی ، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 ملزمان زخمی ہوگئے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ دونوں راستے میں دم توڑگئے، ہلاک ہونے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی تاہم ان کے قبضے سے اسلحہ اورموٹرسائیکل ملی ۔کھارادر میں بھی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی تو وہاں موجود ملزمان نے فائرنگ کردی ، جوابی کارروائی میں 2 ملزمان ہلاک ہوگئے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے شیراز کامریڈ گروپ سے ہے، پولیس نے مقتولین کے قبضے سے الحہ اور دستی بم بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔واضح رہے کہ نارتھ ناظم آباد میں واقع اس رینجرز ہیڈ کوارٹر کو گذشتہ 2 برسوں کے دوران 3 مرتبہ دہشتگردی کا نشانہ بن چکا ہے۔

مزید : صفحہ اول