عمران خان کا 4کی بجائے 60حلقوں میں دوبارہ گنتی کےلئے مہم چلانے کا اعلان
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے اب 4حلقوں کی بجائے 60حلقو ں میں دوبارہ گنتی کے لئے مہم چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں ابتدائی چار حلقوں کے فیصلے کا انتظار ہے جب ان حلقوں کے بارے میں فیصلہ آجا ئے گا تو ہم 60حلقوں میں دوبارہ گنتی کا مطالبہ کریں گے اور اس کے لے خصوصی مہم بھی چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی کی گئی ، الیکشن میں 35پنکچر لگانے والوں کو پی سی بی کا چیئر مین بنادیا گیا حالانکہ عدالت نے دو مرتبہ ان کو معطل کیا لیکن حکومت ان کو نوازنے میں انتہا کو پہنچ چکی ہے ، نجم سیٹھی نے حکومت سے اپنے 2کروڑ روپے کے ٹیکس معاف کروائے ہیں۔چیئر مین تحریک انصاف نے کہا کہ اگر تمام سیاستدان اپنے اثاثے ظاہر کریں بیرون ملک پڑی اپنی رقوم واپس لے آئیں تو اس سے ملک کا بہت فائدہ ہو گا۔عمران خان نے کہا کہ پیمرا کے چیئر مین کو غیر قانونی طور پر بر طرف کیا گیا ، چیئر مین پیمرا نے جیو کی پونے 4ارب روپے کی خورد برد پکڑی تھی جس پر انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ جیو اور حکومت ایک ہی ہیں ، جیو دوسرا پی ٹی وی بن گیا ہے۔نجی ٹیلی ویڑن کے ایک شوکے دوران گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے حکومت پرکھل کر تنقید کی اور کہا کہ اس وقت ملک میں مہنگائی ، بیروز گاری اور غربت انتہا کو پہنچ چکی ہے ،مہنگائی کے لحاظ سے موجودہ حکومت کا ایک سال پیپلز پارٹی کے 4سال سے بھی بد ترین ثابت ہوا ہے۔