جماعۃالدعوۃ کے زیر اہتمام کل چوبرجی چوک میں جلسہ عام ہوگا

جماعۃالدعوۃ کے زیر اہتمام کل چوبرجی چوک میں جلسہ عام ہوگا


لاہور(سٹاف رپورٹر)جماعۃالدعوۃ کے زیر اہتمام ہفتہ تکبیر مہم کے سلسلہ میں کل 23مئی کو چوبرجی چوک میں بڑے جلسہ عام کا انعقاد کیاجائے گا۔ بعد نماز جمعہ ہونے والے اس جلسہ عام میں طلباء، وکلاء، تاجروں، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔ جلسہ عام سے امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعیدسمیت مختلف مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔جماعۃالدعوۃ کی جانب سے ملک بھر میں جلسوں، کانفرنسوں اور سیمینارز کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والے جلسہ عام کے حوالہ سے بھرپور تیاریاں و انتظامات کئے گئے ہیں۔ اہم شاہراہوں، چوکوں و چوراہوں اور پبلک مقامات پر ہزاروں کی تعداد میں اشتہارات، بینرز اور ہورڈنگز لگائے گئے ہیں جبکہ شہر کی اہم سڑکوں پر فلوٹس کا گشت بھی جاری ہے جن کے ذریعے عوام کو جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔ دعوتی ٹیمیں مساجدومدارس اور پبلک مقاما ت پرجاکر لاؤڈ سپیکرز کے ذریعہ لوگوں کو جلسہ عام میں شرکت کی ترغیب دے رہی ہیں۔امیر جماعۃالدعوۃ لاہور مولانا ابو الہاشم کی زیر امارت مرکز القادسیہ چوبرجی میں تحصیلی وسیکٹر ذمہ داران کا ایک اجلاس ہوا جس میں جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور انہیں پروگرام کامیاب بنانے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایٹمی پاکستان صرف وطن عزیز ہی نہیں پوری مسلم امہ کی حفاظت کا ضامن ہے۔ ان حالات میں کہ جب بھارت، امریکہ اور ان کے اتحادی کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کئے گئے ملک کو نقصانات سے دوچار کرنے کی خوفناک سازشیں کر رہے ہیں۔ چاروں اطراف سے پاکستان کا گھیراؤ کیا جارہا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم کو متحد و بیدا ر کر کے دفاع پاکستان کے جذبے پیدا کئے جائیں۔ جماعۃالدعوۃ کی طرف سے اسی مقصد کے تحت ہفتہ تکبیر مہم شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایٹمی پاکستان کے خلاف دشمنان اسلام کی سازشیں بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

مزید : صفحہ آخر