جینز بنانے والی مشہور کمپنی کے مالک کا انوکھا انکشاف
شکاگو (نیوز ڈیسک) جینز، ٹی شرٹ اور اس طرح کے دیگر غیر رسمی لباس بنانے والی مشہور کمپنی لوائی سٹراس (Levi Strauss) کے سی ای او (CEO) کے بارے میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ وہ ایک سال سے اپنے پینٹ دھوئے بغیر ہی پہن کر پھررہے ہیں اور آئندہ بھی اسے دھونے کا ارادہ نہیں رکھتے اور یہاں تک کہ وہ دوسروں کو بھی یہی مشورہ دے رہے ہیں کہ اپنی پینٹ نہ دھوئیں، کمپنی کے 56 سالہ سربراہ چپ برگ (Chip Bergh) نے فارچون میگزین (Fortune Magzine) کی ایک کانفرنس کے دوران یہ انکشاف خود ہی کرکے انٹرویو کرنے والے شخص کے ساتھ ساتھ حاضرین کو بھی حیران کردیا۔ وہ بار بار کہتے رہے کہ مجھے معلوم ہے کہ آپ کو اس بات سے کراہت محسوس ہوگی لیکن مجھے ابھی تک جلد کی کوئی بیماری یا ایسا کچھ اور نہیں ہوا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ ہمیں اپنی جینز تقریباً کتنی دیر بعد دھونی چاہئے تو اس کا جواب تھا کہ نہ ہی دھوئیں تو بہتر ہے، بلکہ کسی کپڑے یا ٹوتھ برس کی مدد سے داغ صاف کرلینے چاہئیں۔ میزبان نے کراہت کا اظہار تو ضرور کیا لیکن ساتھ ہی یہ بھی تصدیق کی کہ ان کی جینز صاف نظر آرہی تھی۔