کرکٹ کی بحالی اور اپنی پرفارمنس سے بہت خوش ہوں: مختار احمد

May 22, 2015 | 10:40 PM

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی جانب سے ٹی 20 ڈیبیو میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مختار احمد کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مینجمنٹ انہیں جیسے چاہے استعمال کریں، وہ تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مین آف دی میچ کا ایوارڈ وصول کرنے کے بعد سابق کرکٹر رمیز راجہ سے گفتگو کرتے ہوئے مختار احمد کا کہنا تھا کہ وہ پہلے ہی میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر بہت خوش ہیں اور اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے بعد ملک میں کرکٹ کی بحالی کی خوشی تو تھی ہی لیکن پہلے ہی میچ میں بہترین کارکردگی سے ان کی خوشی دوبالا ہو گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مختار احمد نے کہا کہ میچ کے دوران پریشر ضرور تھا کیونکہ زمبابوے نے ایک اچھا ہدف دیا تھا اور ہوم کراﺅڈ کا پریشر بھی تھا تاہم اس کے باوجود وہ بہترین کھیل پیش کرنے میں کامیاب ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ تینوں فارمیٹ کی کرکٹ کھیل رہے ہیں تاہم اب یہ مینجمنٹ پر منحصر ہے کہ وہ انہیں کیسے استعمال کرتی ہے، وہ اس کیلئے بالکل تیار ہیں۔

مزیدخبریں