اے ایم بی مقامی سطح پر تیار کردہ اعلیٰ معیار کا موبائل سیٹ متعارف کرائے گی، زبیر شہزاد

اے ایم بی مقامی سطح پر تیار کردہ اعلیٰ معیار کا موبائل سیٹ متعارف کرائے گی، ...

موجودہ عہد بے شک ٹیکنالوجی کی ترقی اور جدت کا دور ہے، تاریخ شاہد ہے کہ دُنیا میں صرف وہی قومیں برتر و حاکم رہی ہیں جو اپنے اپنے دور میں علم و ہنر، یعنی ٹیکنالوجی میں اپنے ہم عصروں سے برتر و اعلیٰ رہی ہیں۔ وطنِ عزیز بھی اس وقت ٹیکنالوجی میں برتری کے لئے کوشاں ہے، کئی شعبہ جات میں جدت کا سفر جاری ہے جن میں سے ایک اہم تر موبائل ٹیکنالوجی کا ہے، تیزی سے ترقی کرنے والے اِس شعبے میں مقابلے کی فضا ہر دم اداروں کو چوکس رہنے پر مجبور کرتی ہے۔ پاکستان میں موبائل انڈسٹری کے حوالے سے چند ایک ملٹی نیشنل کمپنیوں کی اجارہ داری ہے جن کے موبائل فون سیٹ کی اسیسریز مارکیٹ میں ہمہ وقت اور ارزاں دستیاب نہیں ہوتی تھی اِن حالات میں پاکستان کے ایک اہم ترین نوجوان بزنس مین زبیر شہزاد نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے موبائل اسیسریز کے ادارے’’اے ایم بی‘‘ واک ٹاک کی بنیاد رکھی جس نے موبائل فون سیٹ کی ضروری اسیسریز بنانا شروع کیں۔ مارکیٹ کی ضروریات کے تقاضوں اور اعلیٰ معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی قیمتیں بھی مناسب رکھیں گئیں، جس کی بدولت ’’اے ایم بی‘‘ کی تمام مصنوعات کو مارکیٹ میں قبولِ عام کی حیثیت حاصل ہو گئی۔ اے ایم بی واک ٹاک کے چیف ایگزیکٹو زبیر شہزاد نے گزشتہ روز روزنامہ ’’پاکستان‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ اے ایم بی‘‘ نے اپنے قیام سے لے کر آج تک کبھی بھی معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ یہی وجہ ہے کہ آج ملک بھر میں ’’اے ایم بی‘‘ کے 700سے زائد سیلز آؤٹ لیٹ کام کر رہے ہیں اور اِن میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اس وقت اے ایم بی پاکستان میں100ملین سے زائد سرمایہ کاری کر چکی ہے جس کا حجم تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور ملک میں نئی نوکریوں اور چھوٹے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں زبیر شہزاد نے کہا کہ اس وقت دُنیا بھر میں اے ایم بی واک اینڈ ٹاک کا مارکیٹ شیئر55فیصد ہے جبکہ پاکستان میں اے ایم بی کا مارکیٹ شیئر70فیصد سے بھی زائد ہے۔ الحمد للہ اس وقت اے ایم بی موبائل اسیسریز کے حوالے سے مارکیٹ لیڈر ہے۔زبیر شہزاد نے کہا کہ موبائل سیٹ خریدنے کے بعد اس کی اچھی اسیسریز کا ملنا انتہائی مشکل کام تھا جس کو اے ایم بی نے اب مستقل بنیادوں پر حل کر دیا ہے اس وقت اے ایم بی کی مصنوعات کو وہ مقام حاصل ہے جس کا کوئی اور حامل نہیں ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ اے ایم بی واک اینڈ ٹاک پاور بنک، چارجز ہینڈ فری، بلیو ٹوتھ اور ملٹی میڈیا سمیت دیگر بہت سی مصنوعات اے ایم بی مقامی سطح پر خود تیار کرتی ہے اور ان کو صارفین تک پہنچانے کا اپنا مربوط نیٹ ورک موجود ہے۔ اے ایم بی کے تیار کردہ پاور بنک میں دیگر کمپنیوں کے تیار کردہ پاور بنک سے زیادہ جدید فیچر موجود ہیں جو اس کو منفرد اور سب کے لئے قابلِ قبول بناتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں زبیر شہزاد نے کہا کہ جلد ہی ’’اے ایم بی‘‘ پاکستان میں مقامی سطح پر تیار کردہ موبائل سیٹ متعارف کرائے گی جو ہمارے مقامی صارفین کی تمام ضرورتوں کو پورا کرتا اور ان کے مزاج کے عین مطابق ایک صارف دوست اور آسان استعمال موبائل سیٹ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل جن بھی کمپنیوں نے مقامی سطح پر تیار کردہ موبائل سیٹ کو متعارف کروایا انہوں نے غلط بیانی سے کام لیا یا تو وہ سیٹ چائنہ میڈ تھے یا پھر پاکستان اسمبلڈ۔ ہم انشا اللہ مقامی سطح پر تیار کردہ معیاری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ سیٹ جلد ہی مارکیٹ میں فروخت کے لئے پیش کریں گے۔ یہ ایک بڑا منصوبہ ہے جس میں کثیر سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ اے ایم بی انشا اللہ اپنے ماضی کی طرح مستقبل میں بھی اپنے صارفین کی امیدوں پر پورا اترنے کے لئے بھرپور اقدامات کرے گی۔

مزید : ایڈیشن 2