کے پی او جی سی ایل اور آرمی ویلفیئر ٹرسٹ میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

کے پی او جی سی ایل اور آرمی ویلفیئر ٹرسٹ میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے مفاہمتی ...

اسلام آباد (اے پی پی) کے پی کے پرونشل ہولڈنگ کمپنی خیبر پختونخوا آئیل اینڈ گیس کمپنی ( کے پی او جی سی ایل)اورآرمی ویلفیئر ٹرسٹ ( اے ڈبلیو ٹی) نے تیل اور گیس کی تلاش کے شعبہ میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ۔ اس حوالے سے آرمی ویلفیئر ٹرسٹ راولپنڈی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کے پی او جی سی ایل کے چیف ایگزیکٹو افسر رضی الدین اور آرمی ویلفیئر ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹو افسر میجر جنرل( ر) حامدمحمود نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے اس دوران آرمی ویلفیئر ٹرسٹ کے مینجنگ ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد ربانی بھی موجودتھے۔ اس موقع پر آرمی ویلفیئر ٹرسٹ اے ڈبلیو ٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد ربانی نے کہاکہ تیل و گیس کی پیداوار میں اضافے سے ملک میں تیل و گیس کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے میں میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم ہمہ وقت درست فیصلہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ توانائی کے شعبہ میں دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر اپنی ذمہ داریاں ادا کی جاسکیں۔ اس موقع پر کے پی او جی سی ایل کے ڈی جی ایم نعمان اکبر نے کہا کہ اے ڈبلیو ٹی کے ساتھ سٹریٹجک اتحاد کے نتیجے میں قدرتی وسائل کی تلاش اور پیداوار میں اضافے کے سلسلے میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو جائے گا۔اس موقع پرکے پی او جی سی ایل کے سی ای او رضی الدین نے اے ڈبلیو ٹی کی کوششوں کو سراہا اور اس ادارے کے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کے پی او جی سی ایل پر اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو توانائی کی ضروریات میں خود کفیل بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے پی او جی سی ایل کے پی کے میں ارضیاتی سروے کا منصوبہ رکھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ آرمی ویلفیئر ٹرسٹ کے ساتھ گیس اور تیل کے شعبہ میں شراکت داری سے توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد ملے گی۔

مزید : کامرس