حکومت ملکی برآمدات میں اضافہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے:اسحاق ڈار

حکومت ملکی برآمدات میں اضافہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے:اسحاق ڈار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (این این آئی)وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت ملکی برآمدات میں اضافہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔وہ اتوار کو آئندہ مالی سال 2017-18ء کے بجٹ کی تیاریوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ سیکرٹری تجارت نے بجٹ کے خدوخال پر روشنی ڈالی اور وزیر خزانہ کو مختلف بجٹ تجاویز سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بجٹ تجاویز کے حوالے سے تمام شراکت داروں سے تفصیلی ملاقاتیں کی گئی ہیں۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے کہا کہ تجاویز کے پیش نظر بجٹ تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی برآمدات میں اضافہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تا کہ جی ڈی پی میں پائیدار اور زیادہ سے زیادہ اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے ایک سال قبل برآمدات میں اضافہ کیلئے 180ارب روپے کے پیکج پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس سے حالیہ مہینوں کے دوران برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ جاری مالی سال کے دوران جی ڈی پی کی شرح نمو 5.28فیصد تک بڑھی ہے جو گزشتہ دس سال میں سب سے زائد ہے جبکہ آئندہ مالی سال کیلئے اس کا ہدف 6فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ نے آئندہ بجٹ کے حوالے سے ٹیکس تجاویز کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ کی تیاری میں عام آدمی کی ترقی اور فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی ہے۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں، ڈویژنوں کو ہدایت کی کہ بجٹ تیاری کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں سیکرٹری خزانہ، اقتصادی اور ڈویژن، تجارت، چیئرمین ایف بی آر اور وزارت خزانہ، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی ہے۔
اسحاق ڈار

مزید :

علاقائی -