عوام حصول حق کیلئے دوسروں پر انحصار کی بجائے اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کریں،ممنون حسین

عوام حصول حق کیلئے دوسروں پر انحصار کی بجائے اپنے اندر خود اعتمادی پیدا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ عوام کو اپنے حق کے حصول کیلئے دوسروں پر انحصار کے بجائے اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کرنی چاہئے، اسی طرح معاشرے اور ریاست کی طرف سے عائد ہونے والی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں بھی کوئی کوتاہی نہیں کرنی چاہئے۔ صدر مملکت نے یہ بات زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وفود میں قانون دان، ماہرین تعلیم ، دانشوروں سمیت سوسائٹی کے نمائندہ افراد شامل تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ قومی ترقی کو حقیقی بنیاد تعلیم فراہم کرتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ تعلیمی اداروں میں معیاری ڈسپلن قائم ہو اور تعلیم کے معاملے میں کسی تساہل سے کام نہ لیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری اور ون بیلٹ ون روڈ منصوبے پاکستان کیلئے اللہ کی خاص عنایت ہیں جن سے بھرپور طریقے سے استفادہ کیلئے ضروری ہے کہ ہمارے نوجوان تمام ضروری اور جدید علوم و فنون میں بہترین مہارت حاصل کریں۔ اس سلسلے میں تعلیمی اداروں کا کردار بہت اہم ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ معاشرتی ڈسپلن کے قیام میں عدلیہ کا کردار انتہائی اہم ہے اور ہماری عدالتوں نے اس سلسلے میں قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں بدعنوانی کو فروغ دینے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی ضرورت ہے، اس معاملے میں معاشرے کے ہر فرد ہر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ صدر مملکت سے پاک مسلم اتحاد کے عہدے داروں نے بھی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے انھیں بنگالی بولنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کا یقین دلایا اور کہا کہ ان کے مسائل کے حل کے سلسلے میں ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔قبل ازیں صدر مملکت ممنون حسین سے بینکنگ محتسب انیس الحسن موسوی نے الو داعی ملاقات کی اور انھیں اپنے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں بتایا۔ صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ بینکنگ محتسب نے اپنی ذمہ داریاں انتہائی محنت اور دیانت داری سے ادا کیں۔
ممنون حسین

مزید :

علاقائی -