یوسی پی میں پاکستان کی مثبت شناخت میں میڈیا کا کردار پر سیمینار

یوسی پی میں پاکستان کی مثبت شناخت میں میڈیا کا کردار پر سیمینار

لاہور (سٹی رپورٹر) یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے شعبہ ابلاغیات میں پاکستان کی مثبت شناخت میں میڈیا کے کردار پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں بطور مہمان خصوصی معروف تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر) فاروق حمید، لطیف چودھری ‘ایثار رانا اوردلاور چودھری چیف نیوز ایڈیٹر نوائے وقت‘ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دلاور چودھری کا کہنا تھا کہ ہم اسی کو لیکر چل رہے ہیں۔ طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کتاب سے کبھی رشتہ نہ توڑا جائے کیونکہ میڈیا میں آنے کے بعد مطالعہ بہت ضروری ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایثار رانا کا کہنا تھا کہ دنیا کا سب سے مظلوم شخص صحافی ہے جوکہ اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر سچ دکھانے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا صحافی کو ہی تنقید کا نشانہ کیوں بنایا جاتا ہے۔ نوجوان نسل آگے آکر سچ دکھانے میں تمام رکاوٹوں کو پس پشت ڈال دے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نے میڈیا کے مثبت پہلو پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام میں جتنی بھی آگہی ہوتی ہے‘اس میں میڈیا کا بہت بڑا کردار ہے۔ چاہے پانامہ لیکس ہو یا ڈان لیکس۔ میڈیا نے ہر معاملے میں عوام میں شعور بیدار کیا ہے۔ تقریب سے سینئر تجزیہ نگار بریگیڈیئر (ر) فاروق حمید نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا میڈیا کو کلچر‘ سپورٹس اور مختلف سماجی ضروریات کے اوپر بھی توجہ دینی چاہئے اور سیاسی مسئلے ابھارنے کیساتھ ساتھ ان مسائل کو بھی اجاگر کرنا چاہئے۔ تقریب کے اختتام پرڈین شعبہ ابلاغیات یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب ڈاکٹر مغیث الدین شیخ نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر میڈیا اداکاروں کی موت پر بڑے بڑے پروگرام کر سکتا ہے تو ان لوگوں کو سامنے کیوں نہیں لا سکتا جنہوں نے اس ملک میں بڑے بڑے کام کئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ایک بڑے شخص کی موت پر میڈیا نے ایک بھی پروگرام نہیں کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا پرسن ویڈیو مطالعے پر توجہ دیں تاکہ ان بڑی شخصیات کے بارے میں انہیں آگاہی حاصل ہو۔تقریب کے اختتام پر شرکاء میں سوینئر تقسیم کئے گئے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1