پنجاب کا بجٹ عوام دوست ہو گا ، کوئی نیا ٹیکس نہیں لگائیں گے : شہباز شریف

پنجاب کا بجٹ عوام دوست ہو گا ، کوئی نیا ٹیکس نہیں لگائیں گے : شہباز شریف
 پنجاب کا بجٹ عوام دوست ہو گا ، کوئی نیا ٹیکس نہیں لگائیں گے : شہباز شریف

  


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا صوبائی بجٹ عوام دوست، کسان دوست اور صنعتکار دوست ہوگا۔بجٹ میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نئی سکیمیں رکھی جائیں گی اور کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہاروزیراعلیٰ شہبازشریف نے آئندہ مالی سال 2017-18 کے صوبائی بجٹ کی تجاویز اورسالانہ ترقیاتی پروگرام 2017-18 کی ترجیحات سے متعلق تفصیلی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے پروگراموں کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا اور بجٹ میں پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے زیادہ وسائل مختص کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت شہری و دیہی علاقوں کی یکساں ترقی کی پالیسی کو مزید آگے بڑھائے گی جبکہ عام آدمی کی فلاح و بہبود اور اسے معیاری سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے لہٰذا نئے صوبائی بجٹ کی تجاویز میں اسی پالیسی کو آگے بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے موثر حکمت عملی کے ذریعے رواں مالی برس کے ترقیاتی اہداف حاصل کئے ہیں۔ً آئندہ مالی سال کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم ریکارڈ ساز ہوگا اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ تکمیل ہماری ترجیحات ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے آبادی کے تناسب سے آئندہ مالی برس بھی زیادہ وسائل فراہم کئے جائیں گے جبکہ اربوں روپے کی لاگت سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ جنوبی پنجاب سے شروع کیا جائے گا۔اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب کی 37 تحصیلوں میں بیک وقت پروگرام پر عملدرآمد کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر سماجی شعبوں کیلئے زیادہ فنڈز رکھے جائیں گے۔انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں بھی نئے اقدامات کرکے مزید بہتری لائی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی بھی ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام ترترجیحات کا محورعام آدمی کی فلاح وبہبود اور صوبے کی تیزرفتارترقی ہے ۔توانائی کے منصوبوں کو انتہائی تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جا رہا ہے اور 2018ء میں ملک سے اندھیروں کے بادل چھٹ جائیں گے ۔دریں اثناء ایوان وزیراعلیٰ میں منعقدہ اجلاس میں شعبہ صحت کی ترقی، ہسپتالوں میں اصلاحات اور ہاسپٹل ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے انسینریٹرز کی تنصیب کے امور کا جائزہ لیا گیا،وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس میں صوبے میں پنجاب پبلک ہیلتھ ایجنسی کے قیام کی اصولی منظوری دیتے ہوئے پنجاب پبلک ہیلتھ ایجنسی کے تنظیمی ڈھانچے اور دیگر امور کے حوالے سے سفارشا ت کی بھی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پبلک ہیلتھ ایجنسی کے امور پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے سپرد ہوں گے اورہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے حوالے سے اس ادارے کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے لہٰذا ادارے کے قیام کے حوالے سے تمام امور فوری طور پر طے کئے جائیں کیونکہ پنجاب پبلک ہیلتھ ایجنسی کو سود مند ، با مقصد اور نتیجہ خیز ادارہ بنانا ہے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ بیماریوں کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے موثر میکنزم ، با مقصد اور متحرک ادارے کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس ادارے میں اعلی معیار کی با صلاحیت اور پیشہ ور افرادی قوت لائی جائے ۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اپنے مقاصد اور اہداف کے حصول میں ناکام رہا ہے اور یہ ادارہ بیماریوں کی سرویلنس و رسپانس، ریسرچ اور ڈیٹاکے حصول جیسے بنیادی فرائض بھی ادا نہیں کرسکا لہٰذاانسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں اصلاحات وقت کا تقاضا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے 40 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں اصلاحات کا عمل کامیابی سے جاری ہے اورہسپتالوں میں طبی سہولتیں بہتر بنانا میرا مشن ہے سے ہر حال میں پورا کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت کے لئے مختص کردہ وسائل کی ایک ایک پائی کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہئیں اور دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں ۔

شہبازشریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے باشعور عوام الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کو آئینہ دکھا چکے ہیں اور منفی سیاست کرنے والے عناصر کو ہر موقع پر مسترد کر چکے ہیں۔ پاکستان میں الزام تراشی کی نہیں صرف خدمت کی سیاست ہو گی اور خدمت، دیانت اور محنت کی سیاست 2018 میں بھی کامیاب رہے گی اور عوام آ ئندہ الیکشن میں بھی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں گے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریا ت مریم اورنگزیب سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور ہے اور وزیراعظم محمدنواز شریف کی قیادت میں ترقی وخوشحالی کو سفر جاری و ساری رہے گا۔اس موقع پر وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے بے مثال اقدامات پر وزیر اعلیٰ کی کارکردگی اور وژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی انتھک محنت اور شاندار وژن کو پاکستان سمیت بیرونی دنیا میں بھی سراہا جاتا ہے اور آپ کی ولولہ انگیز قیادت میں پنجاب نے ہر شعبہ میں نمایاں ترقی کی ہے اوروزیراعلیٰ شہبازشریف کے کام کرنے کے غیر معمولی انداز اور رفتار کی مثال ہر جگہ دی جاتی ہے۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کامیاب دورہ چین پر بھی وزیر اعلیٰ کو مبارکباد دی۔

وزیراعلیٰ/ملاقات

مزید : صفحہ اول