پانی بجلی گیس بحران،سکھر میں جیالوں کا ہتھ پنکھے ،مٹکے اٹھا کر وفاقی حکومت کے خلاف دھرنا ،ریلی

پانی بجلی گیس بحران،سکھر میں جیالوں کا ہتھ پنکھے ،مٹکے اٹھا کر وفاقی حکومت ...

سکھر(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) سکھرسمیت صوبے میں پانی ، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ پر پیپلزپارٹی کے سیکڑوں کارکنان کا صوبائی قیادت کے ہمراہ وفاقی حکومت کیخلاف دھرنا ،بجلی، گیس اور پانی کی پریشانی پر سکھر میں جیالوں نے پنکھے اور مٹکے اٹھا لئے جبکہ پیپلز پارٹی کی خواتین نے بھی بجلی اور گیس کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور گو نواز گو کے نعرے لگائے۔ رہنماؤں کی وفاقی حکومت کیخلاف دھواں دھار تقریریں ،سندھ کے لوگ پانی ، بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کا عذاب سہہ لیں گے مگر اب نواز شریف کو برداشت نہیں کریں گے حق لینے کیلئے اسلام آباد جاناپڑا تو جائیں گے ،اس موقع پر سکیو رٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ، پنڈال کے راستوں پر گاڑیوں کا داخلہ بند تھا، چھ مقامات کی بندش سے شہریوں کا مشکلات کا سامناکرنا پڑا،شہری متبادل راستوں نے منزل تک پہنچے ، پنڈال کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی ۔ پی پی کے دھرنے میں قائدین کے بیٹھنے کیلئے بنایا گیا اسٹیج تعداد بڑھنے کی وجہ سے ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں سٹی سکھر کے صدر مشتاق سرہیو گر کر زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انکی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔گرمی کی شدت کے باعث دھرنے کے شرکاء کیلئے ائیر کولر ، پنکھوں ، شامیانوں کا خاص انتظام کیا گیا تھا ، مختلف مقامات پر ٹھنڈے پانی کی سبیلیں بھی لگائی گئیں جبکہ شرکاء کیلئے دوپہر کے کھانے کا انتظام کیا گیاتھا۔ پنڈال تک پہنچے کیلئے صرف ایم ، پی ، ایز ، پارٹی عہدیداران ، پولیس افسران ، پروٹوکول کی گاڑیوں کا داخلے کی اجازت دی جارہی ہے ،دھرنے کے شرکاء کی حفاظت کیلئے سعید سرہندی روڈ کی اطراف آنیوالے سڑکوں ، گلیوں کو قناعتیں لگا کر بند کرکے پولیس کی عارضی چوکیاں قائم کی گئیں تھیں جس سے سعید سرہندی روڈ اطراف کے علاقوں کاروباری سرگرمیاں بھی بند رہیں ۔دکانداروں ، شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے دھرنا دینے والوں نے عوام کو مشکل میں ڈال دیا ہے ،پی پی نے بجلی ، گیس کی لوڈشیڈنگ کے نام پر آئندہ الیکشن کیلئے عوامی رابطہ مہم شروع کی ہے احتجاجی تحریکوں سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کی جانب سے صوبے میں پانی ، بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ بپر وفاقی حکومت کیخلاف شروع کی گئی تحریک کے سلسلے میں سکھر میں پریس کلب کے سامنے پیپلزپارٹی سندھ کے صدر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید، احمد شاہ ، سابق وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ ، صوبائی وزارء منظور وسان ، ناصر حسین شاہ ، جام مہتاب ڈہر ، پیپلزپارٹی سندھ کی نائب صدر ایم این اے سیدہ نفیسہ شاہ ،صوبائی سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامراہ و دیگر کی قیا دت میں دھرنا دیا گیا جس میں سکھر ، خیرپور ، گھوٹکی سمیت اندرون سندھ کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے پیپلزپارٹی اور اس کی ذیلی جماعتوں کے سیکڑوں کی تعداد میں کارکنان نے شر کت کی دھرنے کے دوران گو نواز گو اورمک گیا تیرا شو نواز گو نواز کی فلک شگاف نعرے بازی کی گئی دھرنے سے نثار کھوڑو،خورشید شاہ ،قائم علی شاہ ، منظور وسان و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا آج ملک میں نہ بجلی میسر ہے، نہ پانی، حکومت نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ 3 ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کریں گے مگر نہیں کی۔ سندھ کے لوگ پانی ، بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ تو سہہ لیں گے مگر اب وہ نواز شریف کو برداشت نہیں کریں گے اور اگر انہیں اپنے حق کیلئے اسلام آباد جانا پڑا تو جائیں گے اور جب سندھ کے لوگ نکلیں گے تو ان کا راستہ ضیاء الحق اور پرویز مشرف تک نہیں روک پایا تو نواز شریف کیا رو ک سکے گا، گو نواز گو کا نعرہ اب نواز شریف کو راتوں کو خوابوں میں بھی آئے گا، سندھ کے لوگ بڑے سخت جان واقع ہوئے ہیں جس کے پیچھے پڑ جائیں اس کو نہیں چھوڑتے ،جو لوگ نواز شریف کو سندھ میں لاتے ہیں اب وہ ان کو اپنے گھر کا راستہ بھی دکھائیں ،سپریم کورٹ کے ججز کے فیصلے کے بعد ان کا وزیر اعظم کے عہدے پر رہنے کاکوئی جواز نہیں ، ہم وہ لوگ ہیں جو گولی اور کوڑے کھاکر بھی جیئے بھٹوکا نعرہ لگاتے ہیں مگر پیٹھ نہیں دکھاتے ،سندھ کی مائیں اپنے بچے بینظیر پر قربان کرنے کیلئے تیار ہیں ،انہوں نے وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا وہ بڑے اور ان کے وزراء عابد شیرعلی و دیگر چھوٹے چور ہیں ، حکومت کی خارجہ پالیسی ناکام ہوچکی ہے افغانستان اور ایران ہمیں آنکھیں دکھا رہا ہے، کلبھوشن کے معاملے پر ہم ناکام ہو چکے ہیں ان کی پالیسیوں نے پاک فوج کے کلبھوشن یادیو کے پکڑنے کے تاریخی کارنامے کو بھی ناکام بنا دیا ہے، نواز شریف سعودی عرب گئے ہیں وہاں پر ان کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کا کوئی امکان نہیں ،مگر انہوں نے جھوٹی خبریں چلوائیں کہ ان کی ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کا امکان ہے ان کی ناکام خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان دنیا میں تنہا ہوچکا ہے ۔دریں اثناء سکھر شہری اتحاد ضلع سکھر کے زیر اہتمام سکھر کے علاقے قریشی گوٹھ پرانہ سکھر میں بھی بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ ، پانی کے بحران کیخلاف مولانا عبید اللہ بھٹو ابن آزاد کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے ہاتھوں میں پنکھے اور خالی برتن اٹھا رکھے تھے مظاہرین نے پانی دو بجلی دو کے نعرے لگاتے ہوئے کہا سیپکو افسران کی نااہلی کے باعث شہر میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ،جس کی وجہ سے کاروباری اور گھریلو سرگرمیاں شدید متاثر ہیں ۔ حکام نے بجلی و پانی بحران کا نوٹس نہ لیا تو احتجاج کا دائرہ بڑھا دیا جائیگا ۔

پی پی دھرنا ، ریلی

مزید : کراچی صفحہ اول