سندھ دھرتی نے ہر مخلص پاکستانی کو خوش آمدید کہا ہے :وزیر اعلیٰ سندھ

سندھ دھرتی نے ہر مخلص پاکستانی کو خوش آمدید کہا ہے :وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) وزیراعلی سندھ سیدمرا د علی شاہ نے کہاہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ،شہید ذوالفقار علی بھٹو،شہید بے نظیر بھٹو کی پارٹی ہے، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو جن کے لئے ہم کہتے تھے چاروں صوبوں کی زنجیر بے نظیر بے نظیراور یہی سبق شہید محترمہ ہمیں سکھا کر گئی ہیں کہ اس ملک پاکستان میں چاروں صوبوں کے لوگ ہیں اور ہم سب نے ملکر اس ملک کو بنانا ہے چاہے وہ پختون کیوں نہ ہو ، پنجابی کیوں نہ ہوں بلوچی یا سندھی ہی کیوں نہ ہوں ہم سب ملکر اس ملک کو بہتر بنائیں گے یہ بات انہوں نے لالا یوسف خان صاحب ، ملک قیوم کاکڑ ، ناصر آغا ، اور ڈاکٹر گوہر ایاز کی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے موقع پر سہراب گوٹھ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو ،پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی ، پی پی بلوچستان کے صدر جتک، راشد ربانی ، ڈاکٹر قیوم سومرو ، نعمان شیخ ، فرید انصاری ، سردار علی خان صاحب ، لا لا رحیم و دیگر بھی موجود تھے۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کی دھرتی ہمیشہ جو بھی مخلص پاکستانی ہے اس کو ہمیشہ خوش آمدید کہتی ہے آج بھی ہمارے پختوں بھائی یہاں سالوں سال سے خدمت کر رہے ہیں اور خاص طور پر اس شہر اور صوبے کو بنانے میں پختونوں کا جو کردار ہے وہ کسی سے کم نہیں ہے۔ اور اس دھرتی نے جب آپ کو دلی طور پر قبول کیا ہے تو کیسی کی طاقت نہیں کہ وہ آپ لوگوں کو ہم سے دور کر سکیں اور میں آپ لوگوں کو حکومت سندھ کی طرف سے یقین دلاتا ہوں جیسے میرے دوسرے بھائی ہیں ویسے ہی آپ لوگ بھی ہمارے بھائی ہیں ہم بلاامتیاز صوبے کی خدمت میں یقین رکھتے ہیں ہم آپ لوگوں کے علاقوں کے مسائل بھی حل کرینگے اور آپ لوگوں سے وعدہ ہے ان علاقوں کو بھی وہ تمام سہولیت میسر ہونگی جو دوسرے شہر کے لوگوں کو حاصل ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ میں لالا یوسف خان صاحب ، ملک قیوم کاکڑ ، ناصر آغا ، اور ڈاکٹر گوہر ایاز کا دل کی گہرایوں سے شکر گزار ہوں جو انہوں نے آج ہمیں یہاں بلایا اورا نہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے اور میں انکو دل کی گہرایوں سے مبارکباد دیتا ہوں اور انکو پیپلزپارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہتاہوں ۔ ۔ بعد میں تقریب سے پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑ و نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

مزید : کراچی صفحہ اول