نگران وزیراعظم بنا تو کسی کو دھاندلی کی اجازت نہیں دوں گا: ذکاءاشرف

نگران وزیراعظم بنا تو کسی کو دھاندلی کی اجازت نہیں دوں گا: ذکاءاشرف
نگران وزیراعظم بنا تو کسی کو دھاندلی کی اجازت نہیں دوں گا: ذکاءاشرف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کی طرف سے نگران وزیراعظم کے نامزد امیدوار چوہدری ذکاءاشرف نے کہا ہے 2018ءکے الیکشن پاکستان کی تاریخ کے یادگار الیکشن ہوں گے، دھاندلی کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، الیکشن تو الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں لیکن ان کے انتظامی امور اتنے احسن طریقہ سے انجام دئیے جائیں گے کہ پولنگ سٹیشن پر چڑیا بھی پر نہیں مارسکے گی۔

روزنامہ خبریں کے مطابق چوہدری ذکاءاشرف نے کہا ملک کی اقتصادی صورتحال نہ گفتہ بہ ہے، مہنگائی، بیروزگاری اور لااینڈآرڈر کے بارے میں اگر کچھ کہوں گا تو موجودہ حکمران تلملا اُٹھیں گے۔ نگران وزیراعظم دو ماہ میں کچھ بھی نہیں کرسکتا، صرف ڈے ٹو ڈے حکومتی معاملات کو چلانا ہوتا ہے اور یہ بہت بڑی ذمہ داری ہے جس کو نبھانے کے لئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلال بھٹو زرداری نے میر انتخاب کیا ہے میں تہہ دل سے اپنی قیادت کا مشکور و ممنون ہوں کہ انہوں نے اس بہت بڑی ذمہ داری کے لئے مجھے قابل سمجھا حالانکہ پارٹی میں ایک سے ایک بڑھ کر نامور لوگ موجود ہیں ، میرے لیڈر آصف علی زرداری نے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی رکنیت سے پہلے ہی مجھ سے استعفیٰ لے لیا تھا اور میرے ساتھ طویل مذاکرات کئے اور ملک کی بہترین کے لئے دن رات کام کرنے کی تلقین کی۔

انہوں نے کہاکہ اگر میں نگران وزیراعظم بن گیا تو پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلوں گا اور جو ہر الیکشن کے بعد دھاندلی کا رونا رویا جاتا ہے اس کو دھرانے کا موقع نہیں دیا جائے گا، الیکشن کمیشن آزادانہ انتخابات کروائے گا اور اقتدار پرامن طریقے سے جیتنے والی پارٹی کو منتقل کردیا جائے گا اور یہ تاریخی لمحات ہوں گے کہ ہر شخص الیکشن 2018ءکی تعریف کرے گا۔