جاوید ہاشمی ن لیگ میں پھر متنازعہ ہوگئے، بہت سے کارکنوں نے پارٹی چھوڑنے کی دھمکی دے دی

جاوید ہاشمی ن لیگ میں پھر متنازعہ ہوگئے، بہت سے کارکنوں نے پارٹی چھوڑنے کی ...
جاوید ہاشمی ن لیگ میں پھر متنازعہ ہوگئے، بہت سے کارکنوں نے پارٹی چھوڑنے کی دھمکی دے دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ویب ڈیسک) سینئر سیاستدان اور حالیہ دنوں میں دوبارہ مسلم لیگ ن جوائن کرنے والے جاوید ہاشمی ملتان میں پارٹی کے لئے پریشانی کا باعث بن گئے۔ ضلع ملتان سے تعلق رکھنے والے اکثر پارٹی راہنما جاوید ہاشمی کی واپسی پر مایوسی کا شکار ہیں، ٹکٹوں کی تقسیم اور اعلیٰ قیادت کی طرف سے جاوید ہاشمی کو فوقیت دئیے جانے پر پارٹی سے علیحدگی اور آزاد الیکشن لڑنے کا عندیہ دے دیا  جس کا خمیازہ پارٹی کو جنوبی پنجاب میں سابقہ انتخابات میں جیتی ہوئی سیٹیں ہار کر بھگتنا پڑے گا۔

روزنامہ خبریں کے مطابق مقامی قیادت کا خیال ہے کہ جاوید ہاشمی بے حد متنازعہ ہوچکے ہیں اور ان کے اداروں کے ھوالے سے دئیے جانے والے بیانات سے بھی ملک سمیت جنوبی پنجاب میں پارٹی کی مقبولیت پر شدید اثر پڑرہا ہے۔ ایسے موقع پر جبکہ انتخابات قریب ہیں، انہیں دوبارہ پارٹی میں لیا جانا قطعاً دانشمندی کا فیصلہ نہیں جس کا خمیازہ پارٹی کو جنوبی پنجاب میں بھگتنا پڑے گا۔

اخباری ذرائع کے مطابق بہت سے لیڈروں نےا س پر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے، جن میں شیخ طارق رشید جو ملتان کے شہر کے جنرل سیکرٹری ہیں اور حلقہ این اے 155 سے ٹکٹ ہولڈر بھی رہ چکے ہیں، کے علاوہ ملک انور پی پی 215، اختر عالم قریشی، زاہد بشیر، شیخ ندیم اکبر جو کہ ن لیگ کی ٹکٹ پر یوسی چیئرمین ہیں کے علاوہ یوتھ ونگ کے ضلعی صدر منظور کھوسہ اور طارق امیر عباسی سمیت درجنوں عہدیدار شامل ہیں۔