شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس کے بعدنیب بوکھلاہٹ کا شکار،چیئرمین نیب سوالات اور اعتراضات کا جواب دیں :مریم اورنگزیب

شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس کے بعدنیب بوکھلاہٹ کا شکار،چیئرمین نیب ...
شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس کے بعدنیب بوکھلاہٹ کا شکار،چیئرمین نیب سوالات اور اعتراضات کا جواب دیں :مریم اورنگزیب

  


اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس کے بعداحتساب بیورو( نیب) بوکھلاہٹ کا شکار ہے،چیئرمین نیب مسلم لیگ(ن) کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات اور اعتراضات کا جواب دیں اور جھوٹ پہ جھوٹ بول کر اصل مسئلے سے نظر یں چرانے کی کوشش نہ کریں ،انسان کو اپنے منصب اور اللہ تعالی کی دی ہوئی عزت کا خیال رکھنا چاہیے تاکہ پھر اپنی باتوں کی تردید اور جھوٹ پہ جھوٹ نہ بولنا پڑے ۔

 اپنے ایک بیان میں نیب کی پریس ریلیز کی تردید اوراس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاکہ چیئرمین نیب جاوید چودھری کو دئیے گئے اپنے جھوٹے انٹرویو کو سچ ثابت کرنے کے لئے سو جھوٹ بول رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی کو نیب کی طرف سے 9 مئی کو خط اور سوال نامہ موصول ہوا تھا جس میں ا ن کو 21 مئی کو نیب آنے کو کہا گیا تھا ،شاہد خاقان عباسی نے 16 مئی کو نیب کو خط لکھا کہ وہ 21 مئی کو قومی اسمبلی کے اجلاس کی وجہ سے نہیں آ سکتے ،شاہد خاقان عباسی نے کال اَپ نوٹس کی مطابق12 مئی کو دیئے گئے سوال نامے جمع کروا دیئے ہیں ، نیب نے شاہد خاقان عباسی کے دونوں خط وصول کئے اور دونوں کی تصدیق شدہ کاپیاں میڈیا کو دے دی گئی ہیں ۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ چیئرمین نیب مسلم لیگ(ن) کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات اور اعتراضات کا جواب دیں اور جھوٹ پہ جھوٹ بول کر اصل مسئلے سے نظر یں چرانے کی کوشش نہ کریں ،انسان کو اپنے منصب اور اللہ تعالی کی دی ہوئی عزت کا خیال رکھنا چاہیے تاکہ پھر اپنی باتوں کی تردید اور جھوٹ پہ جھوٹ نہ بولنا پڑے ۔انہوں نے کہاکہ چیئرمین نیب نے جاوید چودھری صاحب کی کالم میں لکھی ہوئی باتوں کی کوئی تردید نہیں کی ،چیئرمین نیب اپنے ادارے کی تردید کے پیچھے نہ چھپیں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر چیئرمین نیب میڈیا کے ذریعے سیاستدانوں اور عوامی نمائندوں کی پگڑیاں اچھال سکتے ہیں تو میڈیا ہی کے ذریعے عوام کے سامنے وضاحت بھی کریں۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ اگر جاوید چوہدری کا کالم سچ نہیں تو چیئرمین نیب عوام کے سامنے اس کی تردید کریں اور اگریہ کالم سچ ہے تو اس کے ثبوت پیش کئے جائیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چیئرمین نیب کے ترجمان نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین نیب نے کالم نگار جاوید چوہدری کو کوئی انٹرویو نہیں دیا ،چیئرمین نیب کے حوالے سے بیانات درست نہیں ہیں،جاوید چوہدری کے اس کالم پر نیب پہلے ہی وضاحت دے چکا ہے،جاوید چوہدری نے اپنے کالم میں بعض شخصیات اور کیسز کا غلط ذکر کیا ہے، جاوید چوہدری نے اس حوالے سے اپنے ٹی وی چینل کے بیپر میں خود وضاحت بھی کی تھی۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد