ڈالر کا بائیکاٹ‘ غیر ضروری خریدوفروخت بند کی جائے :پیاف

  ڈالر کا بائیکاٹ‘ غیر ضروری خریدوفروخت بند کی جائے :پیاف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نیوزرپورٹر)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) کے چیئرمین میاں نعمان کبیر نے کہا ہے کہ کم از کم دو ماہ کے لئے ڈالرز کی خریدو فروخت بند کر دیں۔ پاکستان اسوقت مشکل ترین معاشی بحران کا شکار ہے اور اس مشکل وقت میں ڈالر کی خریدوفروخت صرف اور صرف اس لئے کی جائے کہ اسکو بیچ کر کاروبار کی غرض سے منافع کمانا مقصود ہو تو یہ ملک پاکستان سے غداری کے مترادف ہے۔غیر ملکی کرنسی ایکسچینج ڈیلرز صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیںان کو روکا جائے ۔
بائیکاٹ مہم کا ساتھ دینے سے کرنسی پھر سے مستحکم ہو گی۔ چیئرمین پیاف میاں نعمان کبیر نے بزنس کمیونٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ سب سے گزارش ہے کہ ہم سب کواس سلسلے میں اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہے ،ڈالر کا بائیکاٹ کرنا ہے اور پاکستان روپے کی قدر کو بڑھانا ہو گا۔مشکل وقت میں قومیںملک کے ساتھ ڈھال بن کر کھڑی ہوتی ہیں۔
پاکستان بہترین مصنوعات تیار کرتا ہے ہمیں برانڈز کے پیچھے نہیں بھاگنا چاہیے ہمیں اس کمپلیکس سے باہر آنا ہو گا۔ بزنس کمیونٹی اور عوام الناس سے گزارش ہے کہ ڈالر کا بائیکاٹ کریں اور غیر ضروری طور پر ڈالر خریدنے سے اجتناب کریں اور پاکستانی کرنسی کو اسکا کھویا ہوا مقام واپس دلوائیں جیسے ترکی کی عوام نے مشکل حالات میں ڈالر کا بائیکاٹ کر کے اپنی کرنسی کو اسکا کھویا ہوا مقام واپس دلوایا۔پاکستان کی بزنس کمیونٹی اس مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
 اور انشاءاللہ کرنسی وار کی اس جنگ میں پاکستان سرخرو ہو گا۔

مزید :

کامرس -