اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید 2روپے مہنگا ،غیر ملکی سرمایہ کاری آدھی رہ گئی ،سونے کی قیمت میں 600روپے تولہ اضافہ ،4روز میں غیر ملکی قرضوں کا حجم ایک ہزار ارب روپے بڑھ گیا

    اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید 2روپے مہنگا ،غیر ملکی سرمایہ کاری آدھی رہ گئی ...

  

کراچی(سٹاف رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک ،آئی این پی )اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید 2 روپے اضافے سے 154 روپے کا ہو گیا جب کہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے 36 پیسے مہنگا ہو کر 151.92 روپے پر پہنچ گیا،گزشتہ 4 روزمیں غیر ملکی قرضوں کے حجم میں ایک ہزار ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف سے قرض کے حصول کے لیے کئے گئے معاہدے کے بعد پاکستانی کرنسی کی قدر میں مسلسل ہو رہی ہے افواہوں اور خدشات کے پیش نظر انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں بالعموم غیر ملکی کرنسیوں اور بالخصوص ڈالر کی خریداری دیکھی جارہی ہے ، جس کی وجہ سے روپیہ شدید دبا کا شکار ہے اور مسلسل بے قدر ہوتا جارہا ہے۔منگل کے روز انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 151.92 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 2 روپے اضافے کے بعد 154 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے جب کہ صورت حال یہ ہے کہ مارکیٹ میں کوئی بھی ڈالر بیچنے کو تیار ہی نہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ 4 روز میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 10 روپے کے لگ بھگ مہنگا ہوا ہے جس کے باعث پاکستان پر غیر ملکی قرضوں کے حجم میں ایک ہزار ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔بین الاقومی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں1ڈالرکااضافہ،مقامی صرافہ مارکیٹوں میںفی تولہ سونامزید600روپے مہنگاہوگیا۔آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق منگل کوبین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں1ڈالرکااضافہ ریکارڈ کیاگیا،جس کے نتیجے میں فی اونس سونے کی قیمت1275ڈالرسے بڑھ کر1276ڈالرہوگئی۔آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق کراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میںفی تولہ سونے کی قیمت میں600روپے اور10گرام سونے کی قیمت میں514روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا ،جس کے نتیجے میںفی تولہ سونے کی قیمت71500روپے سے بڑھ کر72100روپے اور دس گرام سونے کی قیمت61300روپے سے بڑھ کر61814روپے ہوگئی۔منگل کو چاندی کی فی تولہ قیمت اوردس گرام قیمت میںاستھکام رہا،جس کے نتیجے میںچاندی کی فی تولہ قیمت870.00روپے اوردس گرام چاندی کی قیمت745.88روپے پرمستحکم رہی۔دریں اثناسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی10 ماہ میں غیر ملکی براہ راست سرمایہ میں 51 فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا اپریل کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ایک ارب 37 کروڑ 61 لاکھ ڈالر رہی جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی دورانیے میں 2 ارب 84 کروڑ 91 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی ، اس طرح رواں برس کے ابتدائی 10 ماہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 51.7 فیصد کم رہی۔ اپریل 2019 میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 10 کروڑ 18 لاکھ ڈالر تک محدود رہی۔مرکزی بینک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں اسٹاک مارکیٹ میں کی جانے والی پورٹ فولیو سرمایہ کاری گزشتہ سال کے مقابلے میں 200 فیصد کم رہی ،جولائی تا اپریل کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں نے اسٹاک مارکیٹ سے40 کروڑ 81 لاکھ ڈالر نکال لیے۔

ڈالر

مزید :

صفحہ اول -