بلدیاتی نظام کی تبدیلی کیلئے جائزہ لے رہے ہیں،مراد علی شاہ

بلدیاتی نظام کی تبدیلی کیلئے جائزہ لے رہے ہیں،مراد علی شاہ

  

رانی پور(این این آئی)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے واضح کیا ہے کہ حکومت کے خلاف احتجاج کے حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی جو فیصلہ کرے گی حکومت سندھ اس پر عمل درآمد کرے گی، ممتاز صوفی بزرگ حضرت سچل سرمست کے مزار پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالی ہدایت دے کہ وہ ادھر ادھر کی چیزوں کو چھوڑ کر حکومت کرے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے صوفی شاعر حضرت سچل سرمست کے 198ویں عرس کی تقریب میں شرکت کی،چارد چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام میں تبدیلی کے لیے ابھی جائزہ لے رہے ہیں اوربلدیاتی نظام کی بہتری کے حوالے سے صلاح مشورے بھی کر رہے ہیں۔انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی)سمیت دیگر اسپتال عدالتی حکم پر وفاق کے حوالے کئے ہیں، ہم ابھی بھی اسپتال خود چلانا چاہتے ہیں، انہوں نے خبردار کیا کہ جو کچھ بھی ہورہا ہے وہ عوام کے لیے اچھا نہیں ہے۔سید مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معیشت کو سنبھال نہیں سکی ، پولیس کے متعلق وہ قانون لائے ہیں جو پنجاب میں نافذ العمل ہے۔انہوں نے آئی جی سندھ سے اختلافات کی تردید کی۔ انہوں نے استفسارکیا کہ جب پنجاب میں حکومت تقرریاں کرسکتی ہے تو سندھ میں وہی کام صوبائی حکومت کیوں نہیں کرسکتی؟۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیدسے متعلق انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کی بات مت کریں اسے چھوڑیں کیوں کہ ان کا لیڈر خود کہتا ہے کہ اس کو کیوں؟ اور کس نے رکھا ہے؟۔

مراد علی شاہ

مزید :

علاقائی -