شہریوں سے بدتمیزی ہر گز برداشت نہیں کی جائےگی،ڈی آئی جی آپریشنز

شہریوں سے بدتمیزی ہر گز برداشت نہیں کی جائےگی،ڈی آئی جی آپریشنز

  

لاہور(کر ائم رپو رٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے تھانہ شمالی چھاﺅنی اور تھانہ مصطفٰی آباد کا دورہ کیا اور تھانوں میں تعینات عملہ کی حاضری اورصفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تھانوں کی سکیورٹی پر مامور 45 سال سے زائد عمر کے اہلکارہرگز تعینات نہ کئے جائیں۔ تعینات کئے جانے والا سنتری فائر پریکٹس کا بھرپور تجربہ رکھتا ہو۔انہوں نے کہا کہ تھانوں میں باصلاحیت محرر اور خوش اخلاق فرنٹ ڈیسک سٹاف ہی کام کر سکے گا۔

بد کلامی اورشہریوں کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے کی پولیس ڈپارٹمنٹ کو کوئی ضرورت نہیں۔شہریوں سے بدتمیزی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے کہا کہ تھانوں میں آنے والے سائلین کو انتہائی عزت و احترام سے مخاطب کریںاور ان کی مدد کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں۔انہوں نے تھانوںکی صفائی ستھرائی بارے زوردیتے ہوئے کہا کہ تھانوں کا ماحول خوشگوار بنانے کے لئے صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں۔کلین اینڈ گرین پولیس سٹیشنز مہم کے تحت اپنے اپنے تھانوں میں شجر کاری اور خوبصورت پودے لگائیں۔صفائی کے لئے سویپرز اور مالی کا انتظار کرنے کی بجائے تمام افسران اور عملہ خود تھانوں کو صاف ستھرا بنائیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے تھانہ مصطفٰی آباد میں صفائی کی ناقص صورتحال دیکھ کر اپنی نگرانی میں تھانے کی صفائی کروائی۔ایس ایس پی آپریشنز لاہور اسماعیل الرحمٰن کھاڑک نے دربار داتا سمیت شہر کی مختلف مساجد اور راوی ناکہ کا دورہ کیا اور ان پر کئے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ایس ایچ او نولکھا اورایس ایچ او بھاٹی گیٹ سمیت متعلقہ پولیس افسران بھی اس موقع پر ان کی ہمراہ تھے۔اسماعیل کھاڑک نے راوی ناکہ پر شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چیکنگ کے عمل کا جا ئزہ لیا۔ڈی ایس پی مجاہد سکواڈ نے ایس ایس پی آپریشنز لاہور کو سکیورٹی اقدامات بارے بریفنگ دی۔ بعد ازاںاسماعیل الرحمٰن کھاڑک نے بادامی باغ کے علاقہ میں مختلف مساجد کے سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا ۔ایس ایس پی آپریشنز لاہوراسماعیل کھاڑک نے مساجد کی سکیورٹی پر تعینات پولیس افسران واہلکاروں کو انتظامات مزید سخت کرنے اور الرٹ ہوکر ڈیوٹی کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مزید :

علاقائی -