”یہ سب جھوٹ ہے“

”یہ سب جھوٹ ہے“
”یہ سب جھوٹ ہے“

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پاکستانی سکواڈ میں انتشار کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجانے لوگ اس طرح کی باتیں اور تبصرے کیوں کر رہے ہیں، ٹیم میں انتشار کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں، بڑی اچھی بات ہو گی کہ اس طرح کی افواہیں عوام میں نہ پھیلائی جائیں۔

ایک انٹرویو میں کپتان سرفراز احمد نے پاکستانی ورلڈکپ سکواڈ میں تناﺅ کی کیفیت سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کردی اور کہا کہ کھیل میں مسائل ضرور ہیں اور ان کا حل تلاش کرنا بھی ممکن ہے، انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستانی بیٹنگ نے توقع سے بڑھ کر کارکردگی پیش کی البتہ باﺅلنگ میں غلطیاں ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی 13 اوورز میں 120 رنز بن جانا فکرمندی کی بات رہی، اس طرح کا آغاز ہوتو بعد میں 400 کا ٹوٹل بھی ممکن نظر آنے لگتا ہے لیکن باﺅلرز کوشش کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پاتے رہے البتہ زیادہ مسائل فیلڈنگ کی وجہ سے ہوئے، ورلڈکپ سے قبل میسر وقت میں ان خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے، انگلینڈ سے سیریز کے نتائج ہمارے حق میں نہیں رہے لیکن کئی مثبت چیزیں بھی سامنے آئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نے آخری میچ میں شاندار باﺅلنگ کرتے ہوئے 4وکٹیں لیں، حسن علی اور عماد وسیم نے بھی اچھی باﺅلنگ کی اور بیٹنگ وکٹوں پر حریف بلے بازوں کیلئے مشکلات پیدا کیں۔ تمام مسائل کا حل موجود ہے اور باﺅلرز سے ورلڈ کپ میں بھی عمدہ کارکردگی کی توقعات وابستہ ہیں لیکن معلوم نہیں کہ لوگ ٹیم میں انتشار کی باتیں کیوں کر رہے ہیںکیونکہ ان میں کوئی صداقت نہیں، بڑی اچھی بات ہوگی کہ اس طرح کی افواہیں عوام میں نہ پھیلائی جائیں۔

مزید : کھیل