وہاب ریاض کی ٹیم میں شمولیت د رست ہے تو محمد عامر کو شامل کرنے کافیصلہ غلط کیوں؟ معروف سابق کرکٹر اعجاز احمد نے بتا دیا

وہاب ریاض کی ٹیم میں شمولیت د رست ہے تو محمد عامر کو شامل کرنے کافیصلہ غلط ...
وہاب ریاض کی ٹیم میں شمولیت د رست ہے تو محمد عامر کو شامل کرنے کافیصلہ غلط کیوں؟ معروف سابق کرکٹر اعجاز احمد نے بتا دیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد نے کہا ہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ 2019ءمیں پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے سب کچھ آسان نہیں ہو گا اور اسے سخت محنت درکار ہے، بنگلہ دیش اور افغانستان جیسی ٹیموں نے اپنے کھیل کو بہت بہتر کیا ہے، پاکستان ٹیم کو فٹنس مسائل سے چھٹکارا پانا ہوگا۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق اعجاز احمد نے کہا کہ قومی ٹیم اگرچہ کئی ہفتوں سے انگلینڈ میں ہے لیکن ابھی اسے وارم اپ میچز بھی کھیلنا ہیں۔ کنڈیشنز کے مطابق فٹنس مسائل پیدا ہونے کے امکانات ہیں اور اگر واقعی ایسا ہو گیا تو بہت مشکل ہوں گی۔

انہوں نے شاداب خان کی ٹیم میں واپسی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز میں خراب باﺅلنگ کی وجہ سے مشکلات پیدا ہوئیں لیکن شاداب خان کی شمولیت سے پاکستانی ٹیم کی باﺅلنگ میں بہتری آئے گی اور وہ نیوزی لینڈ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کیلئے خطرہ ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں اس وقت گیند کو ٹرن کرنے والے باﺅلرز کی کمی ہے، عماد وسیم رنز روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن وہ ٹرن نہیں کر سکتے جبکہ ون ڈے کرکٹ میں رنز روکنے سے بڑھ کر وکٹ لینے کا فائدہ ہوتا ہے۔ اعجاز احمد سمجھتے ہیں کہ وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ درست ہے، انہیں پہلے ہی ٹیم میں ہونا چاہیے تھا تاکہ کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوتے، وہاب ریورس سوئنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جو انگلینڈ کی موجودہ کنڈیشنز میں سود مند رہے گا۔

محمد عامر کے بارے میں اعجاز احمد نے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حالیہ کارکردگی اچھی نہیں رہی، وہ 14 میچوں میں پانچ وکٹیں لے سکے اور حالیہ دورہ انگلینڈ میں کھیل ہی نہیں پائے، چکن پاکس کا شکار رہے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ ٹیم کیلئے مشکلات کا باعث بنتے ہیں یا حریف ٹیموں کیلئے خطرہ بنتے ہیں۔

مزید :

کھیل -