میاں بیوی 2 سال تک گھر کی دیواروں سے آنے والی پراسرار آوازوں سے تنگ آگئے، بالآخر دیوار توڑی تو اندر کیا تھا؟ دیکھ کر دنگ رہ گئے
میڈرڈ(مانیٹرنگ ڈیسک) سپین میں ایک میاں بیوی نے نیا گھر لیا جس کی ایک دیوار کے پیچھے سے انتہائی پراسرار قسم کی آوازیں آتی تھیں جن کی وجہ سے وہ سو بھی نہیں پاتے تھے۔ دو سال تک پریشان رہنے کے بعد بالآخر گزشتہ دنوں انہوں نے دیوار توڑ کر دیکھا تو پیچھے ایسی چیز موجود تھی کہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ میل آن لائن کے مطابق اس دیوار کے پیچھے شہد کی مکھیوں کا چھتہ تھا اور وہ پراسرار آواز انہی مکھیوں کی بھنبھناہٹ تھی جس نے دو سال تک میاں بیوی کا جینا حرام کیے رکھا۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ گریناڈا کے قریب واقع قصبے پینوس پیونتے میں پیش آیا ہے۔ دیوار توڑنے پر شہد کی مکھیاں پورے گھر میں پھیل گئی اور میاں بیوی کو بھاگ کر باہرنکلناپڑ گیا۔ انہوں نے باہر نکل کر ریسکیو والوں کو فون کیا جنہوں نے شہد کی مکھیاں پکڑنے والے ماہرین کی مدد سے ان مکھیوں کو قابو کیا۔ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا تھا کہ ”چھتہ اتنا بڑا تھا کہ اس پر 80ہزار سے زائد مکھیاں موجود تھیں، جو غالباً دیوار کی بیرونی طرف کسی چھوٹے سے سوراخ سے اندر باہر آتی جاتی تھی اور یہاں مستقل گھر بنا رکھا تھا۔“