پاکستانی کمپنی کی بنائی گئی موبائل گیم پوری دنیا میں دھڑا دھڑ ڈاﺅن لوڈ ہونے لگی لیکن اس کمپنی کو اس سے ایک روپے کا بھی فائدہ نہیں ہوگا

پاکستانی کمپنی کی بنائی گئی موبائل گیم پوری دنیا میں دھڑا دھڑ ڈاﺅن لوڈ ہونے ...
پاکستانی کمپنی کی بنائی گئی موبائل گیم پوری دنیا میں دھڑا دھڑ ڈاﺅن لوڈ ہونے لگی لیکن اس کمپنی کو اس سے ایک روپے کا بھی فائدہ نہیں ہوگا

  


اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک پاکستانی کمپنی کی طرف سے ایسی موبائل گیم بنائی گئی ہے جو پوری دنیا میں دھڑا دھڑ ڈاﺅن لوڈ کی جا رہی ہے تاہم اس گیم سے کمپنی کو ایک روپے کا بھی مالی فائدہ نہیں ہو گا۔ ویب سائٹ threadreaderapp.com کے مطابق اس گیم کا نام Flick Poolہے جو اس قدر ڈاﺅن لوڈ ہو رہی ہے کہ رینکنگ کے اعتبار سے دنیا بھر میں چوتھے اور برطانیہ میں دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔

تاہم یہ گیم بنانے والی کمپنی کے پاس اس کی عالمی سطح پر مارکیٹنگ اور دیگر کاموں کے لیے رقم نہیں ہے کیونکہ اس کے لیے لاکھوں ڈالر درکار ہوتے ہیں۔ پاکستانی کمپنیاں ایسی جو بھی ایپلی کیشن بناتی ہیں وہ رقم نہ ہونے کے سبب انٹرنیشنل گیم پبلشرز کے ساتھ معاہدے کر لیتی ہیں جو ان ایپلی کیشنز پر یہ رقم خرچ کرتے ہیں اور پھر ان سے کروڑوں ڈالر کماتے ہیں لیکن ان ایپلی کیشنز کو تیار کرنے والی پاکستانی کمپنیوں کو انتہائی کم رقم ملتی ہے اور کبھی تو کچھ بھی نہیں ملتا۔ Flick Poolکے ساتھ بھی ایسا ہی کچھ معاملہ ہوا اور اب یہ عالمی شہرت تو پا چکی ہے لیکن اس سے پاکستانی کمپنی کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔

اس سلسلے میں کچھ پاکستانی قوانین بھی ایسے ہیں جو ایسی ایپلی کیشنز بنانے والوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں، کیونکہ ہمارے ہاں ہر اچھی رقم کمانے والا آدمی ہمارے ریگولیٹرز کی نظروں میں مشکوک ہوتا ہے اور اس پر منی لانڈرنگ کا الزام عائد کرنے میں وہ دیر نہیں لگاتے۔ چنانچہ ان قانونی جوکھموں سے بچنے کے لیے بھی پاکستانی ڈویلپرز عالمی گیم پبلشرز کو اپنی مصنوعات فروخت کرنے میں ہی عافیت محسوس کرتے ہیں۔اب Flick Poolسے غیرملکی کروڑوں روپیہ کمائیں گے لیکن اس سے اس پاکستانی کمپنی یا پاکستان کا کوئی بھلا نہیں ہو گا۔

مزید : ڈیلی بائیٹس