سشما نے شاہ محمود قریشی کیساتھ تصویر نہ بنوائی ، ملاقات کرلی
بشکیک(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی اور بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج کے درمیان بشکیک میں غیر رسمی ملاقات ،یہ ملاقات وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے بعد ہوئی ۔
جیونیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی اوربھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی ہے ، ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کو نسل اجلاس کے بعد ہوئی ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ سشما سوراج سے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ بھارت ایک قدم آگے بڑھائے تو ہم دوقدم آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ آ ج بھی مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
اس سے قبل کرغیز ستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس ہوا جس دوران سشما سوراج اور شاہ محمود قریشی ایک دوسرے کی بغل میں کھڑے تھے تاہم جب گروپ فوٹو کی باری آئی تو بھارتی وزیر خارجہ بوکھلا گئیں۔جب تمام وزرائے خارجہ گروپ فوٹو بنوانے کیلئے کھڑے ہوئے تو اپنے بازو میں شاہ محمود قریشی کو دیکھ کر سشما سوراج بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئیں اور انہوں نے فٹا فٹ اپنی جگہ تبدیل کر لی اور دوسری طرف جا کر کھڑی ہو گئیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات اس وقت کشیدہ ہوئے جب بھارتی طیاروں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی اور پے لوڈ گرا کر فرار ہو گئے تاہم اگلے روز پاکستان نے بھی اپنی حدود میں رہتے ہوئے بھر پور جواب دیا لیکن ایک مرتبہ پھر بھارتی فضائی نے سرحد کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی جس پر پاکستان نے دشمن کے 2 جہاز مار گرائے اور ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار کر لیا جسے بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے امن کے قیام اور کشیدگی میں کمی کیلئے رہا کرنے کا اعلان کیا۔