اخوت فاؤنڈیشن کوروناٹیسٹ کیلئے ساڑھے 11ہزار کٹس دے گی
لاہور(جنرل رپورٹر) کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کے حوالے سے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور اخوت فاؤنڈیشن کے درمیان گزشتہ روز گورنر ہاؤس پنجاب میں تعاون کے معاہدہ پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے خصوصی شرکت کی۔ معاہدے پر وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم اور سی ای او اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب نے دستخط کیے۔ معاہدے کی رو سے اخوت فاؤنڈیشن کورونا کے ٹیسٹوں کیلئے یو ایچ ایس کو ساڑھے 11ہزار کٹس فراہم کریگی۔اس موقع پر وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے اخوت فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کٹس کی مدد سے یتیم خانوں، ایس او ایس ویلیج اورفاؤنٹین ہاؤس کے عملے کے کورونا ٹیسٹ مفت کیے جائیں گے۔ مزید برآں میڈیا کے نمائندوں خصوصاً ہیلتھ رپورٹرز، کیمرہ مین کو بھی مفت کورونا ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ استطاعت نہ رکھنے والے میڈیا ورکرز اس حوالے سے اخوت سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے دونوں اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یو ایچ ایس اور اخوت نے کورونا کے دوران بہترین لیڈر شپ کامظاہرہ کیا ہے۔ اس وبا کے دوران لوگوں کا جذبہ ایثار قابل ستائش ہے۔ وی سی یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ کورونا وائرس کے ٹیسٹوں کے حوالے سے ملکی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ایک فیصد عوام کے بھی ٹیسٹ کریں تو 22لاکھ افراد کے ٹیسٹ کرنے پڑیں گے۔اس وبا کے دوران یو ایچ ایس اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔ اخوت کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ کورونا کٹس چین کی جانب سے عطیہ کی گئی ہیں۔ یو ایچ ایس کے اشتراک سے مستحق افراد کو ٹیسٹوں کی سہولت فراہم کریں گے۔ تقریب میں رجسٹرار یو ایچ ایس ڈاکٹر اسد ظہیر اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
کورونا کٹس