ورلڈ کپ تک پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کا موقع ملنا چاہئے تھا: مکی آرتھر

  ورلڈ کپ تک پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کا موقع ملنا چاہئے تھا: مکی آرتھر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق پاکستانی ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے پی سی بی کی جانب سے معاہدے میں توسیع نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کارکردگی کی بنیاد پر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ تک پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کا موقع ملنا چاہئے تھا۔ یوٹیوب ویڈیو پر مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ انہیں پورا یقین تھا کہ وہ اس ٹیم کو مزید بہت کچھ دے سکتے ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے عوامی سطح پر معاہدے میں توسیع نہ ہونے پر مایوسی ظاہر کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک نوجوان ٹیم کی تعمیر کا فرض نبھایا جس کے باعث انہیں مزید اٹھارہ ماہ کا عرصہ ملنا چاہئے تھا جو انہیں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ تک پہنچا دیتا اور یوں ان کی پاکستانی ٹیم کے ساتھ ذمہ داریوں کا خاتمہ ہو جاتا۔مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنا عہدہ سنبھالا تو پاکستانی ٹیم مختصر فارمیٹ میں نویں نمبر پر تھی لیکن ان کی نگرانی میں گرین شرٹس گیارہ لگاتار سیریز جیت کر عالمی نمبر ایک ٹیم بن گئے اور اسی بنیاد پر وہ اس بات کے مستحق تھے کہ انہیں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ تک فرائض نبھانے کا موقع دیا جاتا۔واضح رہے کہ مکی آرتھر کے 2016ء میں منصب سنبھالتے ہی پاکستانی ٹیم نے انگلینڈ کے دورے پر دو،دو سے برابر ٹیسٹ سیریز کھیل کر عالمی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم کا درجہ پایا تھا جب کہ ان کی نگرانی میں پاکستانی ٹیم نے اگلے برس 2017ء میں چیمپئنز ٹرافی بھی جیتی تھی۔