معمولی نوعیت کے مقدمات میں ملوث 46قیدیوں کی رہائی کا حکم
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور قیصر نذیر بٹ نے گزشتہ روز جوڈیشل عملہ کے ہمراہ کوٹ لکھپت جیل اور کیمپ جیل لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے معمولی نوعیت کے مقدمات میں ملوث 46اسیران کی رہائی کے احکامات جاری کیے، اس موقع پر سپرٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل چوہدری اعجاز اصغر، سپرٹنڈنٹ کیمپ جیل لاہور اسد جاوید وڑائچ اور دیگر افسران ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل ظہیر احمد ورک بھی موجود تھے، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور نے جیل میں کچن، ہسپتال، بیرکس، صفائی سمیت دیگر امور کو بھی چیک کیا، تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور قیصر نذیر بٹ نے کوٹ لکھپت جیل، کیمپ جیل لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جوڈیشل عملہ کے ہمراہ جیل میں قیدیوں وحوالاتیوں کی مہیا کی جانے والی کھانے پینے کی اشیاء، کچن، ہسپتال، بیرکس، صفائی، سیکورٹی اور دیگر امور کو چیک کیا۔
انہوں نے معمولی نوعیت کے مقدمات میں ملوث 36 اسیران کو کوٹ لکھپت جیل اور 10 اسیران کو کیمپ جیل لاہور سے رہائی کے احکامات جاری کیے، اس موقع پر انہوں نے قیدیوں وحوالاتیوں سے بات چیت کی اور ان سے مسائل کے حوالے سے پوچھا، اسیران نے انہیں بتایا کہ انہیں کھانے پینے کی جو اشیاء دی جارہی ہے وہ معیاری اور حفظان صحت کے عین مطابق ہے، بیرکس میں صفائی کا بھی خاص خیال رکھا جاتا ہے، سیشن جج لاہور نے کیمپ جیل لاہور اور کوٹ لکھپت جیل میں بہترین انتظامات پر سپرٹنڈنٹ کیمپجیل اسد جاوید وڑائچ اور سپرٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل چوہدری اعجاز اصغر،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظہیر احمد ورک اور دیگر عملہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی ہے۔