شہریوں کی سکیورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں:آئی جی پنجاب
لا ہو ر(کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ جمعتہ الوداع، چاند رات اور عید الفطر پرصوبے بھر میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے حساس مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر مقامات پر ہونے والے دینی اجتماعات اور شہریوں کی سیکیورٹی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر انتظامات کو یقینی بنایا جائے جبکہ کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اور حکومتی احکامات کی پاسداری پر بطور خاص توجہ دی جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ جمعتہ الوداع پر سینئر افسران خود فیلڈ میں نکل کر صوبے بھرمیں مذہبی مقامات کے سیکیورٹی انتظامات کی انسپکشن کریں جبکہ یوم القدس کے پروگرامز کی سیکیورٹی کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ حساس مساجد، امام بارگاہوں اور اقلیتی عبادت گاہوں کی چھتوں پر سنائپرز جبکہ ارد گرد کمانڈوز کو بھی تعینات کیا جائے جبکہ اہم مارکیٹوں، کاروباری مراکز اور بینکوں کی سیکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے ساتھ ساتھ پٹرولنگ فورسزکے گشت کے اوقات کار کو مزید بڑھایا جائے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ چاند رات پر ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ کے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی میں زیرو ٹالرینس کا مظاہرہ کیا جائے جبکہ شاہرات پر ٹریفک کے ہموار بہا? کو یقینی بنانے کیلئے ٹریفک مینجمنٹ کے بہترین انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ سی ٹی ڈی، سپیشل پولیس سمیت دیگر فورسز مل کر سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے سلسلے میں مزید تیزی لائیں بالخصوص لاری اڈوں کے قریب واقع ہوٹلوں، سراوں اور کچی آبادیوں میں رہائش پذیر افراد کے کوائف کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے جبکہ حساس مذہبی مقامات کے گردو نواح میں پٹرولنگ فورسز کے گشت کو مزید موثر بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر گاڑیوں اور مسافروں کی چیکنگ کے عمل کو سخت کرتے ہوئے ویڈیوز ریکارڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور عید کی چھٹیوں کے دوران عوامی مقامات کی سیکیورٹی کیلئے جار ی کردہ ایس او پیز کے مطابق اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی قسم کی بد نظمی یا مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔