ایک دن میں کرونا کے50مریضوں کا جان بحق ہونا المیہ ہے،جاوید قصوری
لاہور(نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ایک ہی دن میں کرونا کے باعث 50افراد کا جان بحق ہونا المیہ ہے۔ حکمرانوں کی نا اہلی کے باعث کرونا مریضوں کی تعداد پچاس ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ اب تک ہونے والی ہلاکتیں 986ہوگئیں ہیں۔ مگر بد قسمتی یہ ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود کرونا کے حوالے سے وفاقی حکومت قومی پالیسی بنانے سے گریزاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرونا کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر بالکل اعتماد نہیں رہا۔ عوام بے یارو مددگار ہیں۔ ایک طرف حکومت نے مسلسل لاک ڈاؤن سے لوگوں کو فاقہ کشی اور خود کشیوں پرمجبور کیا تو دوسری طرف کرونا سے ہلاکتوں کا سلسلہ تھم نہیں سکا۔ حکمران مکمل طور پر بے بس اور ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈھائی کروڑ افراد روزانہ کی بنیاد پر اجرت پر کام کرتے ہیں۔ حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں سے سب سے زیادہ یہی طبقہ متاثر ہوا ہے۔ جبکہ ریلیف اور احساس پروگرام کے نام پر لوگوں کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگادیا گیا ہے۔ حق دار محروم اور مال دار طبقہ حکومت کے اقدامات سے فائدہ اٹھار ہا ہے۔ یہ کیسی ریاست مدینہ ہے جہاں کہیں شفافیت نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں، بازاروں، ٹرینوں اور بسوں میں ایس او پیز پر سختی سے عمل در آمد کرایا جائے۔