27رمضان کو بننے والا ملک ہمیشہ قائم رہے گا، چودھری سرور

27رمضان کو بننے والا ملک ہمیشہ قائم رہے گا، چودھری سرور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر) ہمارا ایمان ہے کہ جتنی مرضی مشکلات آئیں جتنے مرضی چیلنجز آئیں 27رمضان المبارک کو معرض وجود میں آنیوالا یہ ملک انشاء اللہ قیامت تک قائم و دائم رہے گا۔ تحریک پاکستان کے دوران مسلمانان برصغیر نے جان ومال کی لازوال قربانیاں دیں، ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ہم پاکستان کو قائداعظمؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کے خوابوں والا پاکستان بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے 27رمضان المبارک ”یوم قیام پاکستان“ کی خصوصی آن لائن نشست کے دوران کیا۔ اس نشست کی کارروائی نظریہئ پاکستان ٹرسٹ کے فیس بک پیج اور یو ٹیوب چینل پر دکھائی گئی۔ نشست کی نظامت کے فرائض نظریہئ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے انجام دیے۔گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اس ملک کو وہ ملک بنائیں جس کا خواب ہمارے آباؤ اجداد نے دیکھا اور جس کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے بہت قربانیاں دی تھیں۔ آج ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہ جانے دیں۔‘ سابق صدر مملکت و چیئرمین محمد رفیق تارڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک مملکتِ خداداد ہے۔ 27 رمضان المبارک کی شب معرضِ وجود میں آنے والی یہ عظیم مملکت مسلمانان ہند کیلئے تحفہئ خداوندی ہے۔ تمام تر مخالفتوں کے باوجود اس کا قائم ہو جانا اگر ایک معجزہ تھا تو ہمارے ازلی دشمن بھارت کی پے در پے سازشوں کے باوجود اس کے باقی رہنے کو بھی مَیں ایک معجزے سے ہی تعبیر کرتا ہوں۔سینیٹر مشاہد حسین سید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان میں ہندتوا سوچ والے لوگ ہیں 80 سال پہلے قائداعظمؒ نے اس سوچ کو پہچان لیا اور اس سوچ کو بے نقاب کیا تھا۔سینیٹر ولید اقبال ایڈووکیٹ،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم، ممتاز سیاسی و سماجی رہنما بیگم مہناز ررفیع،معروف سیاسی رہنما چوہدری نعیم حسین چٹھہ،ممتاز صنعتکار ظفر بختاوری،ڈائریکٹر جنرل محکمہ اوقاف و مذہبی امور حکومت پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری،صدر نظریہئ پاکستان فورم مشرق وسطیٰ ڈاکٹر خالد عباس الاسدی،وائس چیئرمین نظریہئ پاکستان ٹرسٹ جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان، میاں فاروق الطاف،چیف ایڈیٹر روزنامہ’خبریں‘ضیا شاہد،ممتاز محقق و دانشور ڈاکٹر صفدر محمود نے بھی خطاب کیا