ایل ڈی اے کے 49اہلکاروں کی گریڈ17میں ترقی

ایل ڈی اے کے 49اہلکاروں کی گریڈ17میں ترقی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے 49 اہلکاروں کو گریڈ 16 سے گریڈ 17 میں ترقی دے دی گئی۔ایل ڈی اے کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران اور ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ نے ترقی پانے والے اہلکاروں میں پروموشن آرڈر تقسیم کئے۔گورننگ باڈی کے ممبر انجینئر عامر ریاض قریشی‘ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل فارقلیط میر، اعجاز خلیق رزاقی، رانا ٹکا خان اور چیف میٹروپولیٹن پلانر سید ندیم اختر زیدی نے بھی پروموشن آرڈر تقسیم کئے۔اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے وائس چیئر مین ایل ڈی اے ایس ایم عمران نے ترقی پانے والے اہلکاروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ تمام اہل لوگوں کو سفارش کے بغیر میر ٹ پر ترقی دی گئی ہے۔
امید ہے کہ آپ شفاف طور پرکام کر کے ادارے کا نام روشن کریں گے۔انہوں نے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو عید کی مبارک باد بھی دی۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے کہا کہ ترقی پانے والے محنت اور جانفشانی سے کام کریں۔اب ان پرپہلے سے زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ہیڈ کوارٹرز)فارقلیط میر اور ان کی ٹیم کواہلکاروں کو جلد از جلد ترقی دینے پر مبارک بادپیش کی۔انہوں نے کہا کہ 27رمضان کو ترقی حاصل کرکے آپ کی عید کی خوشیاں دوبالا ہو گئی ہیں‘اب آپ پہلے سے زیادہ محنت سے کام کریں۔ قبل ازایں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل(ہیڈ کوارٹرز)فارقلیط میر کی زیر صدارت منعقدہ ایل ڈی اے کی محکمانہ پروموشن کمیٹی کے اجلاس میں گریڈ 16میں کام کرنے والے 49اہلکارو ں کو گریڈ 17میں ترقی دے دی گئی ہے۔ ترقی پانے والوں میں گریڈ16میں بطور اسسٹنٹ کام کر نے والے 21اہلکاروں کو بطور سٹاف آفیسر گریڈ 17میں ترقی دے دی گئی ہے۔ 8کمپیوٹر آفیسرز کو گریڈ 16سے گریڈ 17میں ترقی دے کر اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی بنا دیا گیا ہے۔گریڈ 16میں کام کرنے والے 10سینئر سکیل سٹینوگرافرز کو بطور پرائیویٹ سیکرٹری گریڈ17میں ترقی دے دی گئی ہے۔ گریڈ 17میں کام کرنے والے پانچ سینئر اکاؤنٹنٹس کوبطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکاؤنٹس ریگولر گریڈ 17میں ترقی دے دی گئی ہے اور گریڈ 16 میں کام کرنے والے پانچ اکاؤنٹس اسسٹنٹس کوریگولر سینئر اکاؤنٹنٹ گریڈ17میں ترقی دی گئی ہے۔ایل ڈی اے ملازمین کو مئی کی تنخواہ ادا کردی گئی ہے۔گریڈ 1 سے 16 تک ملازمین کو نو ہزار روپے عیدی بھی دی گئی ہے۔